اترپردیش کے مہاراج گنج ضلع کے لکشمی پور گاؤں میں واقع ایک مسجد میں ہفتہ کی صبح ایک خوفناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک تیندوا مسجد میں گھس آیا اور وہاں نماز پڑھ رہے لوگوں پر حملہ کر دیا۔ اس حملے میں تین مصلی زخمی ہو گئے۔
جنہیں فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔اس دوران مقامی لوگوں نے تیندوا کو پکڑ لیا جس میں تیندوے کی موت واقع ہو گئی۔ اس واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا اور محکمہ جنگلات نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اور بتایا گیا ہے کہ تیندوے کی موت پر 12 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے
تفصیلات کے مطابق مہاراج گنج ضلع کے لکشمی پور کے مجھولی علاقے میں ایک مسجد میں ہفتہ کی صبح تیندوا گھس آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تیندوا مسجد کی چھت سے اندر داخل ہوا اور وہاں فجر کی نماز پڑھ رہے نمازیوں پر حملہ کر دیا
۔ اس حملے کے بعد مسجد میں بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں تین نمازی زخمی ہو گئے۔ جن کی شناخت سالہ ساجد علی، 40 سالہ نورالہدیٰ، اور 40 سالہ حیدر کی حیثیت سے ہوئی ہے زخمیوں کو فوراً اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
زخمیوں کو اسپتال بھیجنے کے بعد مسجد کے قریب موجود دیہاتیوں نے تیندوے کو پکڑنے کی کوشش کی۔ کہا جا رہا ہے کہ بعد میں دیہاتیوں نے تیندوے کو مار ڈالا۔ تاہم، محکمہ جنگلات اس واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے اور تیندوے کی موت کی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے ذریعے واضح ہوگی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر محکمہ جنگلات کی ٹیم موقع پر پہنچی اور تیندوے کی نعش کو قبضے میں لے لیا۔
ڈی ایف او نرنجن راجندر نے بتایا کہ تیندوے کی نعش کو جنگلی جانوروں کے تحفظ ایکٹ کے تحت کارروائی کے لئے حوالے کیا جائے گا۔ اس واقعے میں تیندوے کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔