ایران کی قدس فورس نے حماس کی ہرممکن مدد کرنے کا اعلان کردیا

[]

تہران: ایران کی قدس فورس کے سربراہ نے اسرائیل سے جنگ میں حماس کی ہر ممکن مدد کا اعلان کیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی قدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قانی کی جانب سے حماس کے القسام بریگیڈز کے کمانڈر محمد ضیف کو بھیجے گئے پیغام میں انہوں نے ایران کی جانب سے حماس کو ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ آپ کے ایرانی بھائی آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دشمن کو غزہ اور فلسطین میں انکے ناپاک ارادوں میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ پیغام برطانوی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے ٹھیک ایک دن بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اس ماہ کے شروع میں حماس کے سربراہ کو واضح پیغام دے دیا تھا کہ ایران فلسطینی گروپ کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ جنگ نہیں کرے گا جبکہ حماس ترجمان نے اس رپورٹ کی تردید کردی تھی۔

یاد رہے کہ اسرائیلی جارحیت کے باعث 11 ہزار 500 کے قریب فلسطینی شہادت کے رتبے پر فائز ہوچکے ہیں، جبکہ اسرائیل کی جانب سے الشفاء اسپتال کو بھی نہیں بخشا گیا۔

دوسری جانب اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال پر لگاتار کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں ڈاکٹروں اور طبی عملے نے اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔

الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر محمد ابو سلامیہ کا عرب ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم مریضوں کی اموات کی شرح میں کمی کے منتظر ہیں تاہم ہر گزرتے لمحے کے ساتھ اسپتال میں داخل مریضوں کی اموات میں اضافے کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں سے الشفا اسپتال کا کنٹرول قابض افواج کے ہاتھ میں ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *