محمد حفیظ دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیلئے پاکستان کے ہیڈ کوچ مقرر

[]

لاہور: پاکستان کے سابق کپتان اور نئے مقرر کردہ ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنایا گیا ہے۔

پاکستان کو دسمبر اور جنوری میں آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ اور نیوزی لینڈ کے ساتھ پانچ ٹی ٹوئنٹی کھیلنے ہیں۔ حفیظ دو سال پہلے تک پاکستانی ٹیم کا حصہ رہے ہیں اور انہیں کوچنگ کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔

اس سے قبل بابر اعظم نے ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی کے بعد تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا اور شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود کو بالترتیب ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا۔ اسی وقت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حفیظ کو ٹیم ڈائریکٹر بناتے ہوئے کہا تھا کہ کوچنگ اسٹاف کے کردار کا دوبارہ فیصلہ کیا جائے گا۔

یہ بھی کہا گیا تھا کہ آرتھریا بریڈ برن ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا کا دورہ نہیں کریں گے۔ اس سے کسی حد تک یہ واضح ہو گیا تھا کہ اب حفیظ کم از کم آئندہ دو دوروں کے لیے ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں۔ تاہم چیف سلیکٹر کا عہدہ تاحال خالی ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ سابق فاسٹ باؤلر وہاب ریاض اس کے اہم دعویدار ہیں۔

پاکستان کو آسٹریلیا کے دورے کے لئے 30 نومبر کو روانہ ہونا ہے، جہاں 6 سے 9 دسمبر تک پرائم منسٹر الیون کے خلاف ان کا پہلا پریکٹس میچ ہوگا۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہوگا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *