رہبر انقلاب کے احکامات مشعل راہ، ایران اور مقاومتی محاذ کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، قالیباف

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے رہبرمعظم انقلاب اسلامی کے مذاکرات سے متعلق اسٹریٹجک اور بصیرت افروز پیغام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کے احکامات کو مشعل راہ بنائیں گے اور فریق مقابل کو ایران اور مقاومتی محاذ کے حقوق پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق، محمد باقر قالیباف نے رہبر انقلاب کے نام اپنے پیغام میں ان کی حکیمانہ رہنمائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پیغام نے واضح کر دیا ہے کہ مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل ملنے کے باوجود ایک مشکل اور پیچیدہ مرحلے کا آغاز ہوا ہے، جس میں دشمن سے ایران اور مقاومتی محاذ کے حقوق حاصل کرنا بنیادی ہدف ہے۔

انہوں نے کہا کہ رہبرانقلاب کی جانب سے مفاہمتی یادداشت میں درج شرائط کے نفاذ کی توقع کے اعلان نے امریکہ کی ذمہ داریوں کے تعاقب کے لیے ایران کا مؤقف مزید مضبوط کر دیا ہے۔

قالیباف نے زور دے کر کہا کہ رہبر انقلاب کے احکامات ان کے لیے رہنما اصول کی حیثیت رکھتے ہیں اور وہ فریق مقابل کو بدعہدی اور دباؤ کے ذریعے ایرانی عوام اور محورِ مقاومت کے حقوق مجروح کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مکتب حسینی اور امام خمینیؒ کی سیرت کے مطابق حق اور باطل کے محاذوں کے درمیان حقیقی مصالحت ممکن نہیں، اس لیے باطل کے مقابل ڈٹ جانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ سفارت کاری بھی اسی جدوجہد کا ایک اہم میدان ہے۔

اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ نے کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت کی اصل ضمانت اس کی دفعات نہیں بلکہ ایران کے فرزندوں کا عزم اور اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت ہے، جس کی قوت اور فیصلہ کن صلاحیت کا مشاہدہ امریکہ اور صہیونی عناصر حالیہ جنگ میں کرچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران ماضی کی طرح اپنی سرخ لکیروں، مقررہ شرائط اور قومی مفادات کے حصول کے لیے ثابت قدم رہے گا۔ مذاکرات ایرانی عوام کے حقوق کے حصول کی جدوجہد کا ایک ذریعہ ہیں، تاہم اگر دشمن کسی قسم کی زیادتی یا دباؤ کی پالیسی اختیار کرتا ہے تو ایران فیصلہ کن جواب دینے میں کوئی تردد نہیں کرے گا۔

قالیباف نے اپنے پیغام کے اختتام پر رہبر معظم انقلاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی رہنمائی مذاکرات کے آئندہ حساس مرحلے میں پورے ایرانی معاشرے کو متحد اور یکجا رکھنے کا سبب بنے گی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *