
نئی دہلی: 2 کروڑ روپے کی بیمہ رقم حاصل کرنے کے لیے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر سابق فوجی شوہر سندیپ منجراگی کے قتل کے معاملے میں پولیس نے خاتون سمیت مجموعی طور پر 9 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ بیلگاوی کے
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) بھیم شنکر گلیڈ نے بتایا کہ سابق فوجی سندیپ کلگاؤڈا منجراگی (46)کے قتل سے متعلق نقلی طبی معائنہ رپورٹ تیار کرنے اور ملزمین کو قانون کی گرفت سے بچانے میں مدد کرنے والوں کی بھی
گرفتاری عمل میں آئی ہے۔گرفتار شدگان میں مقتول کی بیوی سُما اس کا عاشق پُنڈلیک ڈومبر، آر ایم پی ڈاکٹر بسواراج بھسمے، بیلگاوی کمشنر دفتر کے ایف ڈی اے اشوک گجنال، فارنسک لیبارٹری کے کلرک اپاساہب نائک، لیب اسسٹنٹ
ادوی سوامی مٹھ، سینئر سائنٹفک آفیسر پی این ناگراج اور پُنڈلیک کے دو دوست سیلار اور راہل جوگیل شامل ہیں۔پولیس کے مطابق سندیپ منجراگی 13 مارچ کو ایک سڑک حادثے میں زخمی ہو کر ہکّیری کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔
الزام ہے کہ 15 مارچ کو سُما اور پُنڈلیک نے سیلائن کی بوتل میں زہر ملا کر انہیں قتل کر دیا۔ملزمین نے یہ تاثر دیا کہ سندیپ سڑک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد علاج کے دوران فوت ہوئے ہیں جس کے بعد ان کی آخری رسومات بھی
انجام دے دی گئیں۔بعد ازاں مقتول کے بھائی کی شکایت پر پولیس نے تحقیقات شروع کیں۔ ابتدائی مرحلے میں سُما اور پُنڈلیک کو گرفتار کیا گیا جبکہ مزید تفتیش کے دوران اس سازش میں ملوث دیگر سات افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور سازش کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ 2 کروڑ کی بیمہ کی رقم کیلئے خاتون نے یہ سازش تیار کی تھی۔
