اسرائیلی جارحیت لبنان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے، لبنانی صدر

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنانی صدر جوزف عون نے جنوبی لبنان میں لبنانی فوج کی گاڑی پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے لبنان کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

صدر عون نے اپنے بیان میں کہا کہ الخردلی۔النبطیہ روڈ پر ہونے والے اس حملے میں دو فوجی افسران اور ایک سپاہی شہید ہوئے، جو وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے دیگر فوجی اور شہری شہداء کے قافلے میں شامل ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی یہ کارروائی خطے میں کشیدگی بڑھانے کا تسلسل ہے اور جنوبی لبنان کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن رہی ہے۔

لبنانی صدر نے شہداء کے اہل خانہ اور فوجی قیادت سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ لبنان اپنی سرزمین، خودمختاری اور عوام کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے اور اسرائیلی حملے اسے اپنے قومی حقوق کے دفاع سے ہرگز نہیں روک سکتے۔

جوزف عون نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے، بین الاقوامی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے اور لبنان کے امن و استحکام کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *