الزامات سے حقائق نہیں بدل سکتے، واشنگٹن جنگی جرائم چھپانے کی کوشش کررہا ہے، ایرانی وزارت خارجہ

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرکے حقائق کو مسخ نہیں کیا جاسکتا۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں اسماعیل بقائی نے امریکی وزیرِ خارجہ کے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا جن میں ایران پر امریکی حکام کے خلاف کارروائیوں کی منصوبہ بندی کا الزام لگایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ خود کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوششیں ان حقائق کو نہیں چھپا سکتیں جن کے مطابق امریکہ اور اس کے اتحادی خطے میں متعدد سنگین جرائم کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایران کے خلاف الزامات تراشنا دراصل عالمی رائے عامہ کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی کوشش ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ خود کو متاثرہ فریق کے طور پر پیش کرنا ان اقدامات پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے جنہیں دنیا جنگی جرائم، نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کانگریس میں ایک سماعت کے دوران ایران پر امریکی عہدیداروں کو نشانہ بنانے کی کوششوں کا الزام عائد کیا تھا، جسے تہران نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے بے بنیاد قرار دیا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *