[]
کاماریڈی: تلنگانہ کے عوام، چیف منسٹر کے سی آر کی زیر قیادت کرپٹ بی آ رایس حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے تیار ہیں۔
کرناٹک کے چیف منسٹر سدا رامیا نے جمعہ کے روز کاماریڈی میں کانگریس کے بی سی ڈیکلریشن کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانیوں سے جمع کردہ رقومات سے دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کی بی آر ایس کی سازش کو عوام ناکام بنادیں گے۔
عوام بی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے کوشاں ہیں، انہوں نے بی آر ایس کو بی جے پی کی بی ٹیم قرار دیااور کہا کہ تلنگانہ کے عوام، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کی پارٹی کو مناسب سبق سکھائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں برسراقتدار آنے کے بعد 100دنوں کے اندر ریاست میں 6 گیارنٹیز کو نافذ کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کرناٹک کے چیف منسٹر سدا رامیا نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک کو125لاکھ کروڑ روپے کا مقروض بنا دیا ہے۔
عمران پرتاپ گڑھی ایم پی نے کاماریڈی سے چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف الیکشن لڑنے کے ریونت ریڈی کے فیصلہ کی ستائش کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بہتر مستقبل کیلئے کانگریس کو ریاست میں برسراقتدار لائیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے اپنے بیٹے کو چیف منسٹر بنانے میں تعاون کیلئے نریندر مودی سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے تلنگانہ کے انتخابات کو 2024 کے پارلیمانی انتخابات کا سیمی فائنل قرار دیا۔ نریندر مودی اور چندر شیکھر راؤ دونوں جھوٹ بولنے میں ماہر ہیں۔
انہوں نے ریونت ریڈی کی قیادت میں مائنا ریٹی ڈیکلریشن کی ستائش کی۔ انہوں نے کانگریس پارٹی کو مسلم امیدواروں کو ملک کے اعلیٰ عہدوں پر فائز کرنے والی پارٹی قرار دیا۔ انہوں نے ریونت ریڈی تلنگانہ کے مستقبل کو درخشاں بنانے والا قائد قرار دیا۔
اس موقع پر محمد علی شبیر، پروفیسر کودنڈا رام، پرمیشور و زیر داخلہ کرناٹک،مانک راؤ ٹھاکرے، سید یوسف علی و دیگر موجود تھے۔ قبل ازیں صدر پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی نے حلقہ اسمبلی کاماریڈی سے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ انہوں نے ریٹرننگ آفیسر کو پرچہ نامزدگی کے سیٹ حوالہ کئے۔ اس موقع پر چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا، پرتاپ کڑھی اور دیگر موجود تھے۔