
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی ذرائع ابلاغ نے حزب اللہ کی فضائی دفاعی اور ڈرون صلاحیتوں میں اضافے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان میں اسرائیلی فضائی سرگرمیاں پہلے کے مقابلے میں زیادہ چیلنجز سے دوچار ہوگئی ہیں۔
المیادین کی رپورٹ کے مطابق صہیونی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ حزب اللہ نے اپنے ایئر ڈیفنس اور ڈرون یونٹس کو نمایاں طور پر مضبوط کیا ہے، جس کے بعد اسرائیلی سکیورٹی اداروں میں خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔
صہیونی اخبار اسرائیل ہیوم نے لکھا کہ حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی فوج، خاص طور پر اس کی فضائیہ، کے خلاف خطرات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ حزب اللہ کے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے نشانہ بنائے جانے کے خدشے کے باعث لبنان کی فضاؤں میں اسرائیلی ڈرونز کی پروازیں کم کر دی گئی ہیں۔
اخبار کے مطابق حزب اللہ کی کوشش ہے کہ لبنان میں اسرائیل کی فضائی کارروائیوں کو مکمل طور پر متاثر اور محدود کر دیا جائے۔
اسی دوران صہیونی چینل کان نے رپورٹ کیا کہ حالیہ واقعات، خاص طور پر ڈرونز سے متعلق پیش آنے والے حالات کے بعد اسرائیلی سکیورٹی اور انٹیلیجنس ادارے مکمل الرٹ کردیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شمالی مقبوضہ علاقوں میں خطرے کی سطح بھی بڑھا دی گئی ہے اور صہیونی حکام کو خدشہ ہے کہ ڈرونز کے میدان میں ایک نئی قسم کی جنگ شروع ہو رہی ہے۔
عبرانی میڈیا نے مزید کہا کہ صورتحال کی حساسیت کے پیش نظر اسرائیلی وزرا کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ حالیہ سکیورٹی واقعات کے حوالے سے کسی قسم کا تبصرہ نہ کریں۔
