
نئی دہلی: سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیرالہ کے کانگریس قائد ایک نو منتخب خاتون ایم ایل اے کو گلے لگانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ خاتون اس سے بچنے اور انہیں دور کرنے کی کوشش کرتی نظر آتی ہیں۔
کانگریس رہنما کی جانب سے خاتون ایم ایل اے کو گلے لگانے کی کوشش کی ویڈیو پر عوامی سطح پر شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابقترواننت پورم میں کیرالہ پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر سے سامنے آنے والی اس ویڈیو میں سینئر کانگریس لیڈر چیریئن فلپ کو نو منتخب
کولم ایم ایل اے بندو کرشنا کو قانون ساز پارٹی اجلاس کے دوران گلے لگانے کی کوشش کرتے دیکھا گیا حالانکہ وہ واضح طور پر ہچکچاہٹ محسوس کر رہی تھیں۔یہ واقعہ پارٹی قائدین اور صحافیوں کی موجودگی میں پیش آیا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کانگریس اور چیریئن فلپ دونوں پر تنقید شروع ہو گئی۔
ویڈیو میں 48 سالہ بندو کرشنا مقام پر پہنچ کر پہلے میڈیا نمائندوں سے ملتی ہیں اور پھر پارٹی دفتر کے داخلی دروازے کی طرف بڑھتی ہیں۔ سفید اور پیلے رنگ کی ساڑھی میں ملبوس بندو کرشنا پہلے ایک پارٹی کارکن سے مصافحہ کرتی ہیں جس کے بعد 71 سالہ چیریئن فلپ ان کے قریب آتے ہیں۔بندو کرشنا نے بظاہر مصافحے کے لیے ہاتھ بڑھایا
لیکن فلپ نے انہیں گلے لگانے کی کوشش کی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ایک بازو ان کی گردن کے گرد رکھتے ہیں اور ان کا بڑھایا ہوا ہاتھ نیچے کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔بندو کرشنا واضح طور پر غیر آرام دہ محسوس کرتی دکھائی دیتی ہیں اور وہ انہیں دور دھکیلتی ہیں۔ ویڈیو کے مطابق ان کے پیچھے ہٹنے کے بعد بھی فلپ نے دوبارہ گلے لگانے کی
کوشش کی جس پر بندو کرشنا نے ہاتھ جوڑ کر آگے بڑھ جانا بہتر سمجھا۔ویڈیو میں موجود بعض صحافیوں اور پارٹی کارکنوں کو اس دوران مسکراتے ہوئے بھی دیکھا گیا جس پر سوشل میڈیا پر مزید تنقید کی گئی۔سوشل میڈیا صارفین نے اس واقعے پر شدید ردِعمل ظاہر کیا اور کئی افراد نے فلپ پر الزام لگایا کہ
انہوں نے خاتون کے واضح انکار کو نظر انداز کیا۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کی ذاتی حدود کا احترام فوری طور پر کیا جانا چاہیے، چاہے وہ سیاسی طور پر کتنا ہی سینئر کیوں نہ ہو۔کچھ صارفین نے اس عمل کو نامناسب قرار دیتے ہوئے سینئر رہنما کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔
