نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پارٹی نے 207 نشستیں جیت کر دو تہائی اکثریت کے ہدف کو بھی کافی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ بی جے پی نے ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے 15 سالہ دورِ حکومت کا خاتمہ کر دیا ہے۔
اس فیصلہ کن جیت کے بعد سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ بنگال کا پہلا بی جے پی وزیر اعلیٰ کون ہوگا؟ کئی نام پہلے ہی دعوے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ ان میں سینئر بی جے پی رہنما اگنی مترا پال کا نام بھی شامل ہے جنہوں نے آسنسول جنوبی نشست پر ٹی ایم سی امیدوار تاپس بنرجی کو 40,839 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر اپنی سیٹ برقرار رکھی ہے۔
سیاست میں آنے سے پہلے فیشن ڈیزائنر رہنے والی پال آخر کون ہیں؟ چلیں ان کے سیاسی کیریئر تعلیم اور نیٹ ورتھ کے بارے میں بات کرتے ہیں۔25 نومبر 1974 کو آسنسول میں پیدا ہونے والی پال ایک ایسے خاندان سے تعلق رکھتی ہیں جو تعلیم یافتہ اور ڈاکٹروں پر مشتمل ہے۔ ان کے والد ڈاکٹر اشوک رائے ایک مشہور ڈاکٹر تھے۔
اگنی مترا نے ابتدائی تعلیم لوریٹو کانونٹ سے حاصل کی۔ ان کے پاس بنواری لال بھالوتیا کالج (1994) سے سائنس میں بیچلرز کی ڈگری ہے اور انہوں نے 1997 میں فیشن ڈیزائننگ میں ڈپلومہ مکمل کیا۔ بی جے پی کی اس رکن پارلیمنٹ نے فیشن کی تعلیم بھی حاصل کی ہے۔ بعد میں انہوں نے فیشن ڈیزائننگ انڈسٹری میں اپنی پہچان بنائی۔ ان کی شادی کاروباری شخصیت پارٹھو پال سے ہوئی ہے اور ان کے دو بیٹے ہیں۔
سیاست میں آنے سے پہلے اگنی میترا پال کا فیشن ڈیزائننگ میں کامیاب کیریئر رہا ہے۔ انہوں نے اپنا برانڈ ‘INGA’ چلایا اور سری دیوی اور متھن چکرورتی جیسے بالی ووڈ ستاروں کے لیے کپڑے ڈیزائن کیے۔ اس کے علاوہ کاجول اور ایشا دیول جیسے اداکاروں کے لیے بھی انہوں نے ملبوسات تیار کیے۔90 کی دہائی کے آخر میں انہوں نے اپنے کیریئر
کا آغاز کیا اور جلد ہی کولکتہ کی کامیاب فیشن ڈیزائنرس میں شمار ہونے لگیں۔ انہوں نے کئی قومی اور بین الاقوامی شوز میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ کامیاب فیشن ڈیزائنر ہونے کے باوجود ان کے اندر معاشرے کے لیے کچھ کرنے کی خواہش ہمیشہ موجود رہی۔ان کے مطابق گلیمر کی دنیا انہیں پیشہ ورانہ کامیابی دے رہی تھی لیکن اندر سے وہ ایک خلا اور زمین سے کٹاؤ محسوس کرتی تھیں۔
اسی دوران انہوں نے مغربی بنگال کی سماجی اور سیاسی صورتحال کو زیادہ سنجیدگی سے سمجھنا شروع کیا۔فیشن ڈیزائننگ سے سیاست میں آنے والی اگنیمیترا پال اب بی جے پی کی حکومت سازی کی حکمت عملی میں ایک مرکزی چہرہ بن چکی ہیں۔ 2019 میں وہ بی جے پی میں شامل ہوئیں
اور انہیں مغربی بنگال ویمن ونگ کا صدر بنایا گیا۔ اس وقت وہ آسنسول جنوبی سے رکن اسمبلی ہیں۔

