ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتا ہے اور ناکہ بندی جاری رکھتا ہے تو سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی اور مزید کمزور ہو جائے گی۔


i
جنوبی ایران کے ایک بندرگاہ پر کئی جہازوں میں آگ لگنے کی خبر سامنے آئی ہے۔ اس کے علاوہ لبنان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں متعدد افراد کی ہلاکت کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔ الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ’مہر نیوز‘ نے بتایا کہ ایران کے جنوبی بندرگاہ ’دیر‘ میں کئی تجارتی جہازوں میں آگ لگ گئی، جس سے جگہ جگہ آگ کی لپٹیں دکھائی دے رہی ہیں۔ ایجنسی نے مزید کہا کہ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ ایجنسی نے بتایا کہ ’’اس واقعہ کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی ہے اور آگ بجھانے کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی اس کی جانکاری دی جائے گی۔‘‘
یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اس خطہ اور آبنائے ہرمز میں کشیدگی برقرار ہے۔ یہ کشیدگی اس موجودہ جنگ بندی کے دوران ہے، جس نے 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کے بعد شروع ہونے والی جنگ کو روک دیا تھا۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور مرکزی مذاکرات کار محمد باقر قالیباف کا اس تعلق سے کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک نیا توازن ابھر رہا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اب جہازوں کی سلامتی کی ذمہ داری ایران اور اس کے اتحادیوں نے سنبھال لی ہے۔
قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتا ہے اور ناکہ بندی جاری رکھتا ہے تو سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی اور مزید کمزور ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات امریکہ کے لیے ناقابل برداشت ہیں۔ ایران نے ابھی تک اپنی کارروائی مکمل طور پر شروع بھی نہیں کی، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔
دوسری طرف اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبوں، خاص طور پر جبشیت اور صرافند کے رہائشیوں کو زبردستی انخلا کے مزید احکامات جاری کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رہائشیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر علاقے خالی کریں اور دیہات و قصبوں سے تقریباً ایک کلومیٹر دور کھلے علاقوں میں منتقل ہو جائیں۔ فوج نے کہا کہ جو بھی ان مقامات کے قریب رہے گا وہ اپنی جان کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ اسرائیلی فوج نے ان علاقوں کو حزب اللہ کے ٹھکانے قرار دیا ہے۔
ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی وزارت صحت نے پیر کو بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں لبنان میں 17 افراد ہلاک ہو گئے، جس کے بعد 2 مارچ سے اب تک ملک میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 2,696 ہو گئی ہے۔ ایک بیان میں وزارت نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک دن میں 35 افراد زخمی ہوئے ہیں، جس سے زخمیوں کی مجموعی تعداد 8,264 ہو گئی ہے۔
اسرائیل کے یہ تازہ حملے 17 اپریل سے نافذ عارضی جنگ بندی کی مزید ایک خلاف ورزی ہیں۔ 2 مارچ کو حزب اللہ کی جانب سے سرحد پار حملے کے بعد اسرائیل نے لبنان میں فضائی اور زمینی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ لبنان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس کے بعد سے اب تک 16 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 17 اپریل کو اسرائیل اور لبنان کے درمیان 10 دن کی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا، جسے بعد میں 3 ہفتوں کے لیے بڑھا کر 17 مئی تک کر دیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

