مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی بحریہ نے بحیرہ عمان میں امریکی ڈسٹرائرز کی مشتبہ نقل و حرکت کی بروقت نشاندہی کرتے ہوئے انہیں جنگ بندی کی خلاف ورزی سے خبردار کیا اور مسلسل وارننگ کے بعد وارننگ فائر کرکے آبنائے ہرمز کے قریب آنے سے باز رکھا۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق، امریکی بحری جہازوں نے چند گھنٹے قبل بحیرہ عمان میں اپنے ریڈار بند کر کے آبنائے ہرمز کی جانب پیش قدمی کی کوشش کی، تاہم جیسے ہی انہوں نے دوبارہ ریڈار آن کیا تو فوری طور پر ایرانی بحریہ نے شناسائی کرلی۔
ذرائع کے مطابق، ایرانی بحریہ نے امریکی جنگی جہازوں کو ریڈیو کے ذریعے خبردار کیا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں۔ اگر آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کی کوشش کی تو اسے جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا اور اس کا فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔
امریکی جنگی جہازوں نے ابتدائی وارننگ کو نظر انداز کیا، جس کے بعد ایرانی بحریہ نے دوبارہ سخت لہجے میں انتباہ جاری کیا اور پھر کروز میزائلوں، راکٹوں اور جنگی ڈرونز کے ذریعے دشمن کے قریب وارننگ فائر کر کے انہیں پیغام دیا کہ ایران ہر قسم کی جارحانہ کارروائی کا بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
ایرانی بحریہ کی بروقت انتباہی کاروائی کے بعد دشمن آبنائے ہرمز کے احاطے میں داخل ہونے سے باز رہے۔
ایرانی بحریہ نے تاکید کی کہ ایسے خطرناک اقدامات کی مکمل ذمہ داری اور اس کے نتائج دشمن پر عائد ہوں گے۔
