گھر میں گھس کر شوہر اور بیوی پر قاتلانہ حملہ – نواز عالم جاں بحق ؛ نازیہ شدید زخمی – پٹنہ کے لال باغ میں سنسنی خیز واردات

پٹنہ -2 مئی ( اردو لیکس ڈیسک) ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے لال باغ علاقے میں ہفتہ کی صبح ایک دلخراش قتل کی واردات نے سنسنی پھیلا دی، جہاں ایک نوجوان نے گھر میں گھس کر میاں بیوی پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کر دیا۔ پیر بہور پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے اس واقعہ میں 30 سالہ نواز عالم جاں بحق ہو گئے، جبکہ ان کی اہلیہ نازیہ پروین شدید زخمی ہو کر ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

 

مقامی افراد کے مطابق حملہ آور صبح 7بجے اس وقت گھر میں داخل ہوا جب علاقہ کے  مکین سو رہے تھے۔ ابتدائی جانچ میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزم موبائل فون چوری کے ارادے سے آیا تھا، تاہم مزاحمت پر معاملہ پرتشدد ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس دوران ملزم نے چاقو ن سے دونوں پر حملہ کیا اور فرار ہو گیا۔ نواز عالم گردن پر گہرے زخم آنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ان کی اہلیہ نازک حالت میں پائی گئیں۔

 

گھر کے اندر کا منظر انتہائی دل دہلا دینے والا تھا، جہاں فرش سے لے کر دیواروں اور چھت تک خون کے نشانات پائے گئے، جو حملے کی شدت کو ظاہر کرتے ہیں۔ واقعہ کے بعد فارنسک ٹیم کو طلب کر کے شواہد اکٹھے کئے گئے، جبکہ پولیس نے قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ بھی شروع کر دی ہے۔ تفتیشی عہدیدار پڑوسیوں اور مقامی افراد سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔

 

مقامی افراد کے مطابق مقتول نواز عالم ایک مال میں سیلز مین کے طور پر کام کرتے تھے اور سادہ زندگی گزار رہے تھے۔ اس واردات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے اور لوگ صبح کے اوقات میں بڑھتے جرائم پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہے، جس میں پیشگی منصوبہ بندی کے امکان کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا رہا۔

 

واقعہ میں نیا موڑ اس وقت آیا جب مقتول کے بڑے بھائی نے انکشاف کیا کہ ملزم ان کی بیٹی کو اسکول آتے جاتے ہراساں کرتا تھا۔ کئی بار سمجھانے کے باوجود وہ باز نہیں آیا، حتیٰ کہ گھر پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔ حال ہی میں پکڑے جانے پر اس نے اپنا نام ستیَم بتایا اور فرار ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسی چھیڑ چھاڑ کی مخالفت پر ملزم نے اس بھیانک واردات کو انجام دیا۔

 

زخمی خاتون کا علاج جاری ہے اور پولیس ان کے بیان کا انتظار کر رہی ہے، جس سے اہم سراغ ملنے کی امید ہے۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ یہ واقعہ ایک بار پھر پٹنہ کے رہائشی علاقوں میں عوامی سلامتی پر سنگین سوالات کھڑے کر رہا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *