
ایران کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ طے کرنے میں ناکامی کے پس منظر میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹ نے نئی قیاس آرائیوں کو جنم دے دیا ہے۔ ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر ٹرمپ نے ایک اے آئی سے تیار کردہ تصویر شیئر کرتے ہوئے پیغام دیا کہ “ایک طوفان آ رہا ہے، اسے کوئی نہیں روک سکتا۔” اگرچہ اس پوسٹ کا اصل مقصد واضح نہیں، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ ایران کے لیے ایک انتباہ ہو سکتا ہے۔
ایران کے ساتھ امن معاہدہ طے نہ ہونے کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے اشارے مل رہے ہیں، اور ماہرین کے مطابق ٹرمپ کی یہ پوسٹ اسی تناظر میں کی گئی ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب خبر رساں ادارے Axios کی رپورٹ کے مطابق امریکہ ایران کو نشانہ بناتے ہوئے اہم بنیادی ڈھانچے پر طاقتور حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ نے مختلف فوجی آپشنز تیار کر لیے ہیں، اور اس سلسلے میں ٹرمپ کی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ براڈ کوپر سے جمعہ کو ملاقات متوقع ہے، جس میں ممکنہ فوجی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
