مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت کمیشن خوری پر چلتی ہے: پرینکا گاندھی

[]

ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی بدعنوانی میں گردن تک ڈوب چکی ہے، مرکزی وزیر زراعت کے بیٹے کی ویڈیو میں سینکڑوں کروڑ روپے کے لین دین کی بات ہو رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>مدھیہ پردیش میں جلسۂ عام سے خطاب کرتی ہوئیں پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia</p></div>

مدھیہ پردیش میں جلسۂ عام سے خطاب کرتی ہوئیں پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia

user

’’بی جے پی بدعنوانی میں گردن تک ڈوب چکی ہے، کل جو ویڈیو سامنے آیا (دیویندر تومر کا) اس میں مرکزی وزیر زراعت کے بیٹے سینکڑوں کروڑ روپے کے لین دین کی بات کر رہے ہیں۔ مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت کمیشن خوری پر چلتی ہے۔ ہر جگہ گھوٹالہ ہے۔ بی جے پی حکومت میں پٹواری بھرتی گھوٹالہ، بھرتی امتحان گھوٹالہ، بجلی گھوٹالہ، شجرکاری گھوٹالہ، ویاپم گھوٹالہ سمیت کئی گھوٹالے ہوئے۔‘‘ یہ بیان کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے پیر کے روز مدھیہ پردیش کے دھار اور اندور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ تقریب میں عوام کی زبردست بھیڑ کے درمیان پرینکا گاندھی نے کہا کہ مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت نے 22 ہزار اعلانات کیے ہیں، لیکن 22 بھی پورے نہیں کیے۔ مدھیہ پردیش کی عوام کو کانگریس کی گارنٹیوں پر بھروسہ ہے، بی جے پی جا رہی ہے اور کانگریس آ رہی ہے۔

مہنگائی کے معاملے پر پرینکا گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت نے ہر چیز پر جی ایس ٹی لگا دی۔ مہنگائی آسمان چھو رہی ہے اور عوام پریشان ہیں۔ پہلے ٹماٹر کی قیمت بڑھی، اب پیاز کی قیمت بڑھ رہی ہے۔ کانگریس حکومت تھی تو مودی کہتے تھے دیکھیں گے سچن سنچری مارے گا یا پیاز۔ اب میں پوچھتی ہوں کہ وراٹ کی سنچری ہو گئی، پیاز کی بھی ہو گئی، مودی جی حکومت آپ کی ہے، آپ کیا بولتے ہو؟

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے نوجوانوں کے مسائل بھی سامنے رکھے۔ انھوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں نوجوانوں کو نہ روزگار مل رہا ہے، نہ ہی صنعتیں لگ رہی ہیں۔ مدھیہ پردیش میں زبردست بے روزگاری ہے۔ ملک میں 45 سالوں میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے۔ ہر سطح پر سرکاری عہدے خالی پڑے ہیں۔ 18 سالوں سے مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی حکومت ہے، تو یہ عہدہ بھرے کیوں نہیں گئے؟ اجین میں ایک بچی کے ساتھ عصمت دری ہوتی ہے۔ مدھیہ پردیش میں ہر روز 17 خواتین کے ساتھ عصمت دری ہوتی ہے۔ بی جے پی حکومت خواتین کو سیکورٹی نہیں دے پا رہی ہے۔ مدھیہ پردیش میں منتخب کانگریس حکومت کو رشوت دے کر گرا دیا گیا۔

پرینکا گاندھی کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت ملک کی ملکیت عوام سے چھین کر بڑے بڑے صنعت کاروں کو دے رہی ہے۔ دوسری طرف چھتیس گڑھ کی کانگریس حکومت عوام کا پیسہ واپس ان کی جیب میں ڈال رہی ہے۔ کانگریس حکومت نے چھتیس گڑھ کو آگے بڑھانے کے لیے بہت سارے کام کیے ہیں۔ لوگوں کی زندگی میں خوشحالی لے کر آئی ہے۔ جن سرکاری صنعتوں سے نوجوانوں کو روزگار ملتا تھا، وہ مودی حکومت نے اپنے صنعت کار دوستوں کو سونپ دیے۔ مودی حکومت کی مدد سے اڈانی ایک دن میں 1600 کروڑ روپے کما رہے ہیں اور ملک کا کسان ایک دن میں صرف 27 روپے کما رہا ہے۔ اگنی ویر اسکیم لا کر نوجوانوں کا مستقبل برباد کر دیا گیا ہے۔

مدھیہ پردیش میں کانگریس حکومت تشکیل دیے جانے کی صورت میں پارٹی کے منصوبوں کا تذکرہ بھی پرینکا گاندھی نے جلسہ عام میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس حکومت بننے پر خواتین کو ہر ماہ 1500 روپے ملیں گے، کسانوں کا قرض معاف ہوگا، 100 یونٹ بجلی بل معاف اور 200 یونٹ بجلی بل ہاف ہوگا، پرانی پنشن اسکیم نافذ ہوگی، 500 روپے میں گیس سلنڈر ملے گا، دو لاکھ خالی سرکاری عہدے بھرے جائیں گے، اسکولی طلبا کو اسکالرشپ ملے گی، ایم ایس پی کی گارنٹی دی جائے گی، نوجوانوں کو تین ہزار روپے بے روزگاری بھتہ ملے گا، بارہویں درجہ تک مفت تعلیم ملے گی، مقابلہ جاتی امتحان فیس میں 100 فیصد چھوٹ ہوگی، 25 لاکھ روپے تک کا بیمہ ملے گا، او بی سی کو 27 فیصد ریزرویشن دیا جائے گا اور ذات پر مبنی مردم شماری کرائی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


;



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *