
حیدرآباد: شہر کے کمشنر پولیس وی سی سجنار نے کہا کہ نمبرساور رینکس کو بچوں کی صلاحیت کا پیمانہ نہیں سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنی خواہشات اور مقاصد بچوں پر مسلط نہ کریں اور انہیں دباؤ میں نہ ڈالیں۔
چہارشنبہ کے روز دسویں جماعت کے نتائج جاری ہونے کے موقع پر منگل کو سی پی نے طلبہ اساتذہ اور والدین سے یہ اپیل کی۔انہوں نے حالیہ انٹرمیڈیٹ نتائج میں کم نمبر آنے یا ناکامی کے احساس سے طلبہ کے خودکشی کرنے کے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان اموات کی جامع تحقیقات اور متاثرہ والدین سے بات چیت کے دوران کئی باتیں سامنے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ جان لینا کسی مسئلے کا حل نہیں ہے اور اس سے خاندانوں میں ناقابلِ تلافی غم پیدا ہوتا ہے۔انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ یاد رکھیں کہ ناکامی کامیابی کی پہلی سیڑھی ہونی چاہیے نہ کہ زندگی کا اختتام۔ انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ نتائج جیسے بھی ہوں بچوں کا حوصلہ بڑھائیں، انہیں گلے لگائیں اور ان میں خوداعتمادی پیدا کریں۔
نتائج کے بعد بچوں کی حرکات و سکنات اور رویے پر نظر رکھنے کا بھی مشورہ دیا گیا۔ اگر وہ تنہائی یا خاموشی کا شکار نظر آئیں تو ان کا حوصلہ بڑھائیں۔ ضرورت پڑنے پر پورا دن ان کے ساتھ گزار کر ان کے دل سے خوف نکالیں کیونکہ یہ ذمہ داری والدین پر عائد ہوتی ہے۔
کمشنر پولیس نے امید ظاہر کی کہ منفی نتائج کا سامنا ہونے پر بھی طلبہ ہمت کے ساتھ آگے بڑھیں اور روشن مستقبل کی طرف قدم بڑھائیں۔

