نئے ضلع کلکٹر بھاویش مشرا کا شاندار استقبال، میوا و ٹی ایس پی ٹی اے کی جانب سے تہنیت

نئے ضلع کلکٹر بھاویش مشرا کا شاندار استقبال، میوا و ٹی ایس پی ٹی اے کی جانب سے تہنیت

 

نرمل، 28 اپریل(ایم۔اے۔وحید): نرمل ضلع میں نو تقرر شدہ کلکٹر بھاویش مشرا کا مائناریٹی ایمپلائز ویلفیئر اسوسی ایشن (میوا) اور تلنگانہ اسٹیٹ پرائمری ٹیچرز اسوسی ایشن (ٹی ایس پی ٹی اے) کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق، میوا و ٹی ایس پی ٹی اے کے صدر شیخ شبیر علی کی قیادت میں تنظیموں کے عہدیداران اور اراکین نے کلکٹریٹ میں نئے کلکٹر سے خیر سگالی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہیں شالپوشی اور گلپوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی گئی اور ضلع میں ان کی خدمات کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

 

اس موقع پر شیخ شبیر علی نے کلکٹر کو ایک تفصیلی یادداشت پیش کی، جس میں گورنمنٹ پرائمری اردو اسکول، پنجہ شاہ کو بند کرنے کا مسئلہ اٹھایا گیا۔ یادداشت میں کہا گیا کہ سابق منڈل ایجوکیشن آفیسر (ایم ای او) نے مبینہ طور پر راتوں رات تقریباً 20 طلبہ کو ڈراپ باکس میں منتقل کرتے ہوئے اسکول کو بند کر دیا، تاہم اس معاملے میں اب تک کوئی مؤثر محکمہ جاتی کارروائی نہیں کی گئی اور نہ ہی اسکول کو سرکاری طور پر بحال کیا گیا ہے۔

 

یادداشت میں مزید بتایا گیا کہ اس معاملے کی تحقیقات بھی کی جا چکی ہیں اور متعلقہ ریجنل جوائنٹ ڈائریکٹر (آر جے ڈی)،ورنگل کی جانب سے آرٹیکل آف چارجس جاری کئے گئے تھے، جس کا جواب سابق ایم ای او نے داخل کیا۔ اس کے بعد آر جے ڈی نے ضلع مہتم تعلیمات (ڈی ای او) کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تھی، لیکن تاحال رپورٹ پیش نہیں کی گئی، جس پر تنظیموں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ عہدیدار پر سابق ایم ای او کی تائید میں تاخیر کرنے کا الزام عائد کیا۔

 

تنظیموں کے نمائندوں نے نئے کلکٹر سے مطالبہ کیا کہ قصوروار سابق ایم ای او کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور گورنمنٹ پرائمری اردو اسکول، پنجہ شاہ کو فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ طلبہ کا تعلیمی مستقبل محفوظ رہ سکے۔

 

کلکٹر بھاویش مشرا نے وفد کی بات کو غور سے سنتے ہوئے مناسب کارروائی کی یقین دہانی کرائی اور مثبت ردعمل ظاہر کیا۔

 

بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ شبیر علی نے کہاکہ وقت مقررہ پر سابق ایم ای او کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی تو غیر معینہ بھوک ہڑتال شروع نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے سیاسی،سماجی و مذہبی قائدین اور اردو داں طبقے سے بھوک ہڑتال میں حصہ لیتے ہوئے اس کی تائید کرنے کی اپیل کی۔

 

اس موقع پر شیخ شبیر علی، (صدر میوا و ٹی ایس پی ٹی اے)، ڈاکٹر ساجد معراج (جنرل سیکرٹری، ٹی ایس پی ٹی اے)، کلیم الدین (سیکرٹری، میوا)، مقصود احمد، زیڈ ایچ مسعود، شکیل احمد صدیقی، ایوب خان، سید مظہر حسین، سید عارف، شیخ فاضل، سید محسن علی، محمد آصف، سیدواجد، عبدالجبار، محمد عادل اور دیگر موجود تھے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *