
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیرخارجہ سید عباس عراقچی پاکستان اور عمان کے دورے کے روس پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے روسی صدر ولادی میر پوٹن سے ملاقات کی۔
سینٹ پیٹرزبرگ میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعات نے ثابت کیا ہے کہ ایران کا نظام مستحکم اور مضبوط ہے اور اسے روس جیسے بڑے اور قابل اعتماد دوست میسر ہیں۔
ملاقات کے آغاز میں عراقچی نے امام خامنہ ای کی شہادت پر پوٹن کے تعزیتی پیغام اور نئے رہبر کے انتخاب پر مبارکباد کے لیے روسی صدر کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور روس کے تعلقات تہران کے نزدیک ایک اسٹریٹجک شراکت کی حیثیت رکھتے ہیں اور یہ تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ ایران بڑے چیلنجز کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور مشکل حالات میں روس نے ایران کا ساتھ دیا جس پر وہ روسی قیادت کے مشکور ہیں۔
