
ریاض ۔ کے این واصف
مدینہ منورہ کے قریب “میقات ذی الحلیفہ” حج سیزن میں مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ جانے والے عازمین حج کے لیے ایک مرکزی اسٹیشن کے طور پر کام کرتی ہے۔
ذی الحلیفہ، وہ مقام ہے جہاں سے مدینہ منورہ آنے والے عازمینِ حج مکہ مکرمہ جانے کے لیے یہاں سے احرام باندھتے ہیں۔ واضح رہے کہ مدینہ منصورہ سے عمرہ جانے والے مدینہ میں ایک اور مقام ہے جسے مسجد عائشہ کہتے ہیں جہاں سے عازمین احرام باندھ کر نکلتے ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق سرکاری اداروں کی جانب سے عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے یہاں ترقیاتی کام کیے گئے ہیں تاکہ انہیں اپنے ایمانی سفر کے آغاز سے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مدینہ ترقیاتی اتھارٹی کی نگرانی میں میقات پر موجود جامع مسجد، اس کے اطراف سہولتوں کو اپ گریڈ کرنے، اس کی استعداد بڑھانے اور میقات سے گزرنے والے عازمین کے لیے مربوط سروس سسٹم کو ترقی دی ہے جبکہ بسوں کے لیے پارکنگ لاٹس مخصوص کیے گئے۔
مملکت کے وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ضیوف الرحمان خدمت پروگرام کے تحت میقات پر بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
