
حیدرآباد: مسائل کے حل اور مطالبات کی منظوری کے لیے تلنگانہ آر ٹی سی جے اے سی کی جانب سے شروع کی گئی ہڑتال دوسرے دن بھی جاری ہے۔ ملازمین کے ڈیوٹی پر نہ آنے کی وجہ سے بسیں ڈپو تک محدود ہو گئی ہیں
جس کے باعث حیدرآباد سمیت اضلاع میں آر ٹی سی انتظامیہ نے کرایہ کی بسیں چلانی شروع کردی ہیں۔ حیدرآباد کے اہم بس اسٹیشنس ایم جی بی ایس اور جے بی ایس سے آر ٹی سی بسیں نہیں چل رہیں۔ کچھ مسافر ہڑتال
سے لاعلم ہو کر بس اسٹینڈس پر آ رہے ہیں اور گھنٹوں انتظار کر رہے ہیں۔ بسیں نہ آنے کی وجہ سے وہ پرائیویٹ ٹراویلس کا سہارا لے رہے ہیں۔ ایم جی بی ایس سے آندھرا پردیش، کرناٹک اور مہاراشٹرا کی بسیں چل رہی ہیں۔آر ٹی سی
ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متبادل انتظام نہ ہونے کے باعث لوگ آٹو اور کیب سروسز کا استعمال کر رہے ہیں۔ پرائیویٹ گاڑیوں کے ڈرائیورس نے کرایے بڑھا دیے ہیں جس سے سرکاری و خانگی
ملازمین طلبہ اور یومیہ مزدور متاثر ہو رہے ہیں۔ دوسری طرف ملازمین کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں کیے جاتے، ہڑتال جاری رہے گی۔ اضلاع میں آر ٹی سی ڈپوس کے پاس پولیس کی بھاری جمیعت تعینات کی گئی ہے۔

