[]
ریاض ۔ کے این واصف
مکہ مکرمہ میں خصوصاُ مطاف کے حصہ میں بارش کے سبب مسجد حرام میں زائرین کے لئے پھسلنے وغیرہ کے مسائل پیدا ہوتے ہیں حرم مکی کا انتظامیہ زائرین کی حفاظت اور سہولت کی خاطر کوئی کسر نہیں چھوڑتی۔
حرمین شریفین کی دیکھ بھال پر مامور ادارے کے سیکریٹری برائے امن و سلامتی فایز الحارثی نے کہا ہے کہ بارش کے دوران ممکنہ خطرات سے مقررہ طریقہ کار کے مطابق نمٹا جارہا ہے۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے فایز الحارثی نے کہا کہ بارش کے دوران سلامتی کے وسائل فراہم کیے جارہے ہیں۔ پھسلن سے روکنے والے چپل، برساتی اور پانی کی نکاسی کےلیے آلات مہیا کیے گئے ہیں‘۔انھوں نے کہا کہ ’زائرین کی سلامتی کے لیے بارش کے دوران کسی شخص کو راہداری میں بیٹھنے یا کھڑے ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی۔
واضح رہے حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام کی خدمت پر مامور متعدد سرکاری اداروں کے تعاون سے مسجد الحرام میں بارش کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اسکیموں پر عمل درآمد شروع کررکھا ہے۔حرمین شریفین انتظامیہ کی کوشش رہتی ہے کہ عبادت کے دوران زائرین کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔
بارش کے دوران مطاف، نماز کے مقامات، داخلی راستوں پر فوری طور پر پانی کی نکاسی اور فرش خشک کیے جانے کو یقینی بنایا جارہا ہے۔