
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے تمل ناڈو کے عوام سے 23 اپریل کو ہونے والے اسمبلی انتخابات میں چیف منسٹر ایم کے اسٹالن کی قیادت والے دراوڑ منیتر کژگم اتحاد کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔
حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اویسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ اپنی جماعت کی جانب سے تمل ناڈو کے ووٹروں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اسٹالن کی قیادت والے اتحاد کے امیدواروں کے حق میں اپنا قیمتی ووٹ استعمال کریں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوامی حمایت سے ایم کے اسٹالن دوبارہ اقتدار میں واپس آئیں گے۔بیرسٹر اویسی نے مزید کہا کہ تمام ووٹرز 23 اپریل کو اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں اور اتحاد کے تمام امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔
واضح رہے کہ تمل ناڈو کے انتخابات میں مسلم ووٹروں پر تمام سیاسی جماعتوں کی گہری نظر ہے۔ جنوبی ہند کی پانچ ریاستوں میں مسلمانوں کا خاصا اثر و رسوخ ہے۔ کیرالا میں تقریباً 27 فیصد، کرناٹک میں 12.5 فیصد، تلنگانہ میں 12.7 فیصد، آندھرا پردیش میں 9.56 فیصد جبکہ تمل ناڈو میں 6 سے سات فیصد مسلم ووٹرس موجود ہیں
