
پٹنہ: بہار کی سیاست میں اس وقت نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے جب چیف منسٹر سمراٹ چودھری نے عوامی ملاقات کے دوران مسلم ٹوپی پہننے سے انکار کر دیا۔ یہ واقعہ جمعہ کو چیف منسٹر سیکریٹریٹ میں منعقدہ “جنتا دربار” کے دوران پیش آیا، جہاں عوام، پارٹی کارکنان اور قایدین ان سے ملاقات کے لیے موجود تھے۔
ملاقات کے دوران مختلف افراد نے چیف منسٹر کو روایتی تحائف جیسے ہار اور شال پیش کئے۔ اسی دوران ایک شخص نے احتراماً مسلم ٹوپی پہنانے کی کوشش کی، تاہم چیف منسٹر نے شائستگی سے انکار کرتے ہوئے شال قبول کیا اور پہن لیا، جبکہ ٹوپی سیکیورٹی جوان کے حوالے کر دی۔
یہ منظر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی سیاسی ہنگامہ کھڑا ہوگیا اور اپوزیشن نے اس پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔ کانگریس پارٹی نے اس اقدام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے محض ذاتی نہیں بلکہ سیاسی پیغام قرار دیا۔
کانگریس کے ترجمان اسیت ناتھ تیواری نے کہا کہ حکمران کو عوام کے درمیان تفریق نہیں کرنی چاہیے اور جو لیڈر ایسا کرے وہ حقیقی معنوں میں ریاست کی قیادت کے لائق نہیں ہوتا۔ انہوں نے سابق چیف منسٹر نتیش کمار کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر مذہب کی روایات کا احترام کرتے تھے۔
