تلنگانہ میں آگ برستی دھوپ – کئی اضلاع میں درجہ حرارت 43 ڈگری پار ؛ 19 اپریل سے بارش کی بھی امید

 

حیدرآباد: تلنگانہ بھر میں سورج کی تپش نے شدت اختیار کرلی ہے، جہاں صبح 9 بجے سے ہی دھوپ کی شدت اس قدر بڑھ رہی ہے کہ عوام کا گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہوگیا ہے۔ شدید گرمی کے ساتھ گرم ہوائیں بھی چلنے لگنے سے لوگ بے حال ہو رہے ہیں۔

 

اسی صورتحال کے پیش نظر حیدرآباد محکمہ موسمیات نے ایک اہم اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چار دنوں سے ریاست میں درجہ حرارت 43 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر رہا ہے۔ محکمہ نے ریاست کے 33 اضلاع کے لئے اورنج الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ پانچ دنوں تک گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔

 

محکمہ موسمیات نے عوام کو خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔

 

اعداد و شمار کے مطابق نرمل اور نظام آباد میں سب سے زیادہ 43.5 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کاماریڈی، منچریال اور نلگنڈہ میں 43.4 ڈگری، جگتیال میں 43.3 اور کریمنگر میں بھی 43.3 ڈگری درجہ حرارت درج کیا گیا۔ دارالحکومت حیدرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

 

تاہم محکمہ موسمیات نے یہ بھی پیش قیاسی کی ہے کہ 19 سے 22 اپریل کے دوران تلنگانہ کے شمالی، مشرقی اور مغربی اضلاع میں بارش کا امکان ہے، جس سے عوام کو شدید گرمی سے کچھ راحت مل سکتی ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *