
تلنگانہ کے میڑچل-ملکاجگیری ضلع میں ایک خاتون نے اپنے بیٹے کو گھر میں کم اہمیت دیے جانے کے احساس میں آکر اپنی جیٹھ کے چار سالہ بیٹے کے ساتھ انتہائی سنگین حرکت کی اور اسے تیزاب پلا دیا۔ یہ واقعہ میڈی پلی پولیس اسٹیشن حدود میں منظرِ عام پر آیا۔
پولیس کے مطابق بوڈاپل کے سرینواس کالونی کے رہائشی ستیش کمار اور انجمّاں کے دو بیٹے ناگراجو اور جگدیش ہیں۔ دونوں کی شادیاں ہو چکی ہیں اور ان کے بچے بھی ہیں، جبکہ پورا خاندان ایک ہی گھر میں رہتا ہے۔ چھوٹی بہو منجولا کو یہ بات ناگوار گزری کہ دادا اپنے بڑے بیٹے کے چار سالہ پوتے سے زیادہ محبت کرتے ہیں اور اس کے بچے کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
حال ہی میں دادا نے اپنے بڑے بیٹے کے بیٹے کی نام رکھوائی کی دعوت کی ، جس کے بعد منجولا نے بچے کو ختم کرنے کا ارادہ کر لیا۔ اس نے ایک بار بچے کا منہ اور ناک بند کر کے اسے پکڑ لیا، لیکن بچے کی ماں نے دیکھ لیا تو اس نے بہانہ بنا کر بات ٹال دی۔
ایک اور موقع پر وہ بچے کو گھر کی چھت پر لے گئی اور ریلنگ پر بٹھا دیا، جس پر دادا نے اسے ڈانٹا۔ بعد ازاں اس ماہ کی 9 تاریخ کو منجولا بچے کو کچن میں لے گئی اور جوس پلانے کے بہانے چاکلیٹ دینے کا لالچ دے کر اسے تیزاب پلا دیا۔
بچے کی حالت خراب ہونے پر والدین نے اسے فوری طور پر قریبی پرائیویٹ ہاسپٹل منتقل کیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ چہارشنبہ کی رات بچے کی ماں نے پولیس میں شکایت درج کروائی، جس کے بعد مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
