
“ہماری بلی کے حاملہ ہونے کی وجہ آپ کی بلی ہے” ۔ عجیب و غریب پنچایت پہنچی پولیس اسٹیشن
بنگلور: بنگلورو میں ایک دلچسپ اور غیر معمولی معاملہ سامنے آیا ہے جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بنگلورو کے شیشادری پورم علاقے میں ایک شخص کے پاس نر بلی تھی۔
یہ نر بلی پڑوس کے گھر کی مادہ بلی کے ساتھ مل گئی جس کے نتیجے میں مادہ بلی حاملہ ہو گئی اور اس نے چار بچوں کو جنم دیا جسس پر مادہ بلی کے مالکین ناراض ہو گئے اور وہ چاروں بلی کے بچوں کو نر بلی کے مالک کے گھر لے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ آپ کی بلی کی وجہ سے ہماری بلی حاملہ ہوئی ہے
اس لیے ان بچوں کی ذمہ داری اور خرچ آپ کو برداشت کرنا چاہیے۔اس پر دونوں خاندانوں کے درمیان سخت بحث ہوئی اور معاملہ بڑھنے پر پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی۔پولیس موقع پر پہنچی تو اصل معاملہ سن کر حیران بھی ہوئی اور ہنسی بھی آ گئی۔
بعد ازاں پولیس نے دونوں فریقوں کو سمجھا کر معاملہ باہمی رضامندی سے حل کروا دیا۔ یہ طے پایا کہ بلی کے بچوں کو کوئی تیسرا شخص لے گا۔اس واقعے پر سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔
