
حیدرآباد ۔ برقعہ پہنے ایک خاتون جیولری شاپ میں داخل ہوئی۔ اس نے سونے کے زیورات خریدنے کے بہانے انہیں غور سے دیکھا۔ اچانک اس نے بندوق تان لی اور ٹرے میں رکھے سونے کے زیورات اٹھا کر فرار ہو گئی۔ اس واقعے کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
یہ واقعہ اتر پردیش کے ضلع ایودھیا میں پیش آیا۔ جمعرات دوپہر تقریباً 2 بجے روداؤلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع اگروال کمپلیکس کے ایک جیولری شاپ میں برقعہ پوش خاتون داخل ہوئی۔ اس نے کچھ زیورات دیکھے اور اچانک پستول نکال کر دکان میں موجود افراد کو دھمکایا، پھر ٹرے میں موجود سونے کے زیورات لے کر فرار ہو گئی۔
اس واقعے کو دیکھ کر دکان کا مالک حیران رہ گیا اور اس نے فوری طور پر پولیس میں شکایت درج کروائی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور تحقیقات شروع کیں۔ دکان میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا گیا۔
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ کی شناخت کر لی گئی ہے اور جلد ہی اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ خاتون کی استعمال کی گئی پستول نقلی ہو سکتی ہے۔ سی سی ٹی وی میں قید یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
