”میرا محاوراتی وستر ہرن کیاگیا“:مہوہ موئترا

[]

نئی دہلی: ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوہ موئترا نے جو آج دن میں اپوزیشن ارکان کے ہمراہ پارلیمانی اخلاقیات کمیٹی کے اجلاس سے آگ بگولہ ہوکر باہر نکلیں‘انہوں نے الزام عائد کیا کہ پینل نے ان سے توہین آمیز شخصی سوالات پوچھے۔

رکن پارلیمنٹ نے اس معاملہ کو محاوراتی ”وستر ہرن“ (بے لباس کرنا) قرار دیا۔ واضح رہے کہ مہا بھارت میں بیان کئے گئے قصہ کے مطابق پانڈوؤں کی رانی دروپدی کو کوروؤں نے بھری عدالت میں بے لباس کیاتھا۔ مہوہ موئترا نے آج شام اسپیکر اوم برلا کو موسومہ مکتوب میں کہاکہ اخلاقیات کمیٹی کے چیرمین نے میرا محاوراتی وستر ہرن کیا۔

اخلاقیات کمیٹی میں اب کوئی اخلاق باقی نہیں بچے ہیں۔ انہوں نے چیرمین پر جانبداری برتنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں اس بات کا بھی تذکرہ کیا کہ لاگ ان تفصیلات اور پاس ورڈ شیئر کرنے کے بارے میں کوئی قانون یا ضابطہ موجود نہیں ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ ارکان پارلیمنٹ کو قوانین سے واقف کیوں نہیں کرایاگیا۔ اخلاقیات کمیٹی کے صدر نشین اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ ونود کمار سونکر نے درشن ہیرانندنی (تاجر) کے ساتھ مہوہ موئترا کے شخصی تعلقات پر توجہ مرکوز کی۔ مہوہ کے ساتھ اجلاس سے واک آوٹ کرنے والے اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے یہ بات بتائی۔

انہوں نے کہاکہ جے آنند دیہادرائی کے بارے میں بھی سوالات پوچھے گئے جن کی سی بی آئی میں کی گئی شکایت کی بنیاد پر یہ کیس درج کیاگیاہے جب موئیترا نے یہ کہاکہ اننت کے ساتھ تعلقات خراب ہوجانے کے نتیجہ میں یہ مقدمہ دائر کیاگیاہے تو کمیٹی نے کہاکہ انہیں الزامات پر توجہ دینی چاہئے۔ ذرائع نے بتایا کہ موئترا سے کئے جانے والے سوالات میں یہ بھی پوچھا کہ انہوں نے 2023 میں کتنی مرتبہ ہیرانندنی سے ربط پیدا کیا؟۔

کتنی مرتبہ دبئی کا دورہ کیا اور دبئی میں کس ہوٹل میں قیام کیا۔ ان سے یہ بھی پوچھا گیا کہ یہ ملاقاتیں کس نوعیت کی تھیں۔ موئترا نے جو واضح طور پر ناراض نظر آرہی تھیں‘واک آوٹ کرنے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ لوگ گندے سوالات پوچھ رہے ہیں۔ سونکر نے دعویٰ کیا کہ موئترا نے جوابی جرح کے دوران تعاون نہیں کیا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *