
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبۂ تعلقات عامہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران پر ہونے والی ہر سطح کی دھمکی یا حملے کا اسی سطح پر جواب دینے کا مکمل عزم رکھتا ہے، تاکہ دفاعی توازن برقرار رہے۔
سپاہ نے امریکی صدر کے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دیا کہ ایران خطے میں واٹر ڈیسالینیشن پلانٹس کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جنگ کا آغاز امریکی حملوں اور معصوم بچوں کی ہلاکتوں سے ہوا، جبکہ اب تک ایران کے پانچ آبی انفراسٹرکچر مراکز بھی نشانہ بنائے جاچکے ہیں، جن میں قشم جزیرے کا پانی صاف کرنے کا پلانٹ بھی شامل ہے۔
سپاہ کے مطابق ایران نے اس نوعیت کی کوئی کارروائی نہیں کی، تاہم اگر ایران کے بجلی گھروں پر حملہ کیا گیا تو ایران جواب میں اسرائیل کے پاور اسٹیشنز اور ان علاقائی ملکوں کے بجلی گھروں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے جو امریکی فوجی اڈوں کو بجلی فراہم کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بجلی کے مراکز پر حملہ براہ راست انسانی خدمات جیسے اسپتالوں، امدادی مراکز اور پانی کی فراہمی پر اثر انداز ہوتا ہے، اس لیے ایسے اقدامات کو غیر انسانی قرار دیا جاتا ہے۔
سپاہ پاسداران نے واضح کیا کہ ایران مکمل تیاری کے ساتھ موجود ہے اور اگر اس پر حملہ ہوا تو مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
