[]
بنگلورو: کنڑ اداکار درشن کے پالتو کتے نے ایک 48 سالہ خاتون کو کاٹ لیا تھا جس نے ان کے مکان کے قریب اپنی کار ٹھہرائی تھی۔ اب پولیس نے اس ضمن میں درشن کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔
یہ واقعہ 28/ اکتوبر کو اس وقت پیش آیا جب خاتون آر آر نگر میں اداکار کے مکان کے قریب خالی جگہ پر اپنی کار ٹھہراکر ایک پروگرام میں شرکت کرنے گئی تھی۔
اپنی شکایت میں خاتون نے الزام عائد کیا کہ جب پروگرام میں شرکت کے بعد وہ واپس ہوئی تو اس نے گاڑی کے قریب ایک شخص کو تین کتوں کے ساتھ کھڑا دیکھا۔ جب اس نے کتوں کو وہاں سے ہٹانے کی درخواست تا کہ وہ اپنی کار لے جاسکے تو اس نے مبینہ طور پر انکار کردیا اور گاڑی وہاں ٹھہرانے کے مسئلہ پر اس سے جھگڑا کیا۔
اس پر خاتون اور کتوں کے کیر ٹیکر کے درمیان تلخ بحث ہوگئی جس کے دوران کتوں نے مبینہ طور پر اس پر حملہ کردیا۔ یہ کتے اداکار درشن کے ہیں۔
انہوں نے مبینہ طور پر خاتون کو کاٹا اور اس کے کپڑے پھاڑدیے۔ خاتون کی شکایت پر اداکار اور کتوں کے کیئر ٹیکر دونوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 289 (جانور کے تئیں لاپرواہی) کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔“