وعدہ صادق4 آپریشن کا 53واں مرحلہ، میزائلوں اور ڈرون سے صہیونی فوجی مراکز اور پولیس ہیڈکوارٹر پر حملہ

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ آپریشن “وعدہ صادق 4” کے 53ویں مرحلے میں “یا جواد الائمہ ادرکنی” کے رمز کے ساتھ صہیونی اور امریکی دفاعی تنصیبات پر حملہ کیا ہے۔

بیان کے مطابق اس مرحلے میں 10 ہائپرسونک فتاح اور قدر میزائلوں کے ساتھ ساتھ تباہ کن ڈرونز کے ذریعے حملہ کیا گیا۔ حملوں کا ہدف امریکہ کی فوج کے وہ عناصر تھے جو الظفرہ ایئربیس پر موجود ہیں اور ایران کے خلاف کارروائیوں میں معلوماتی و معاون کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اسرائیل کے علاقائی کمانڈ و کنٹرول مراکز اور داخلی محاذ کے انتظامی ڈھانچے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

سپاہ پاسداران کے مطابق یہ کارروائیاں اللہ کی مدد سے کامیابی کے ساتھ انجام دی گئیں اور امریکہ اور اسرائیل سے وابستہ اہداف، مراکز اور مفادات کے خلاف مسلسل اور شدید حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک جارح قوتوں کو سزا دے کر انہیں پیچھے ہٹنے پر مجبور نہ کر دیا جائے۔

دراین اثناء خاتم الانبیاء سینٹرل ڈیفنس ہیڈکوارٹر کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک ایرانی فضائی دفاعی نظام نے دشمن کے 118 مختلف اقسام کے جاسوس، جنگی اور حملہ آور ڈرون مار گرائے ہیں۔ حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید چار ڈرونز کو کارروائی سے پہلے ہی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔

ایرانی آرمی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی عوام کے دفاع اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں اسرائیلی سکیورٹی مراکز اور پولیس ہیڈکوارٹرز کو طاقتور ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ بیان کے مطابق ان اہداف میں اسرائیلی پولیس کی خصوصی یونٹ “لاهاو 433” اور سیٹلائٹ کمیونیکیشن مرکز “گیلات ڈیفنس” شامل ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران پر کسی بھی حملے کا بھرپور اور طاقتور جواب دیا جائے گا۔ “لاهاو 433” اسرائیلی پولیس کی ایک خصوصی تحقیقاتی یونٹ ہے جسے اکثر اسرائیل کا ایف بی آئی بھی کہا جاتا ہے، جبکہ “گیلات ڈیفنس” سیٹلائٹ کمیونیکیشن اور دفاعی ٹیکنالوجی سے متعلق ایک اہم ادارہ ہے جو امریکی محکمہ دفاع اور نیٹو کے ساتھ بھی تعاون کرتا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *