ایران حالیہ جنگ میں کامیاب ہوچکا ہے اور امریکہ کی طاقت کی دھاک ختم ہوگئی ہے، جنرل رضائی

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع تشخیص مصلحتِ نظام کے رکن جنرل محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایران حالیہ جنگ میں کامیاب ہوچکا ہے اور امریکہ کی طاقت کی دھاک ختم ہوگئی ہے۔ اس جنگ نے ایران کو خطے میں مزید طاقتور اور امریکہ کو کمزور بنا دیا ہے۔

شہید ایڈمرل شمخانی کی تشییع کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت جنگ میں فاتح ہیں، امریکہ نے ایران پر حملہ کرکے اپنی ہیبت کو خود توڑ دیا اور ایران کی عظمت کو بڑھا دیا۔ 

انہوں نے بتایا کہ امریکہ نے جنگ کے دوران تیل کی قیمت کو قابو میں رکھنے کے لیے ۱۷۰ ملین بیرل تیل اپنے ذخائر سے خارج کیے، تاکہ قیمت کو ۱۰۰ ڈالر فی بیرل تک برقرار رکھ سکے۔ تاہم یہ اقدام چند دنوں سے زیادہ مؤثر نہیں رہے گا اور تیل کی قیمت میں شدید اضافہ متوقع ہے۔ 

 

جنرل رضائی نے کہا کہ ایران نے دنیا کے جدیدترین امریکی دفاعی نظاموں کے مقابلے میں اپنی صلاحیت ثابت کر دی، اور یہ کامیابی کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھی۔ ہم نے ثابت کیا کہ ایمان، علم اور ارادہ ٹیکنالوجی کے غرور پر غالب آ سکتے ہیں۔ 

ایرانی کمانڈر نے زور دے کر کہا کہ آبنائے ہرمز کھولا نہیں جائے گا اور کوئی امریکی جنگی جہاز خلیج فارس میں داخل نہیں ہوسکتا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کا اختتام ایران کے ہاتھ میں ہے۔ جب تک ہم اپنے تمام نقصانات کا ازالہ اور مستقبل کی مکمل ضمانت حاصل نہ کریں، جنگ ختم نہیں ہوگی۔ یہ سب امریکہ کے خطے سے مکمل خروج کے بغیر ممکن نہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *