
تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں اتوار کو زلزلے جیسے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ضلع کے کتھلاپور منڈل میں دوپہر تقریباً 12:45 بجے اچانک تقریباً دو سیکنڈ تک زمین ہلنے کا احساس ہوا۔ اس دوران ایک زور دار آواز بھی سنائی دی جس سے لوگ گھبرا کر اپنے گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔
عینی شاہدین کے مطابق اچانک دھماکے جیسی آواز کے ساتھ زمین ہلنے پر لوگوں کو پہلے سمجھ ہی نہیں آیا کہ کیا ہوا ہے، جس کے باعث کچھ دیر تک علاقے میں بے چینی اور تشویش کا ماحول رہا۔ تاہم اس واقعہ میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
مقامی افراد نے بتایا کہ اس طرح کے جھٹکے اس علاقے میں کم ہی محسوس کیے جاتے ہیں، اسی وجہ سے لوگ زیادہ خوفزدہ ہوگئے۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی اصل وجہ جاننے کے لیے معلومات جمع کی جا رہی ہیں اور محکمہ موسمیات سے بھی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
