
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شہرام ایرانی نے کہا ہے کہ ایرانی بحری ٹاسک فورس 103 کی عالمی سمندروں میں مؤثر موجودگی اور بین الاقوامی مشقوں میں فعال شرکت نے دنیا کو ایران کی بحری طاقت کا واضح پیغام دیا ہے۔
تیسرے بحری زون کنارک میں ٹاسک فورس 103 کے استقبال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، استقامت اور قربانیوں کو سراہا اور آزاد سمندروں میں انجام دیے گئے حالیہ مشنز کی تفصیلات بیان کیں۔
رئیر ایڈمرل شہرام ایرانی کا کہنا تھا کہ اس کامیاب مشن میں شریک عملے کی کارکردگی اہلِ خانہ کے صبر و دعاؤں کے بغیر ممکن نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب دراصل ان خاندانوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے۔
انہوں نے خطے کی مجموعی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی بحری افواج گزشتہ 47 برسوں سے مسلسل الرٹ ہیں اور ہر قسم کے حالات میں قومی فرائض انجام دیتی رہی ہیں۔ ان کے بقول موجودہ حالات ماضی کے تسلسل کا حصہ ضرور ہیں، تاہم ان میں نئی پیچیدگیاں بھی شامل ہو چکی ہیں۔
بحری سربراہ نے جنوبی افریقہ میں منعقدہ مشق “ارادہ برائے امن” اور بھارت میں ہونے والی مشق “میلان” میں شرکت کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سرگرمیوں کے دوران دیگر ممالک کا طرزِ عمل ایرانی بحری ٹاسک فورس 103 کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف تھا، جسے غیر ملکی تجزیوں میں بھی نمایاں کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بھارت میں منعقدہ مشق “میلان” کے دوران ایران کی جانب سے پیش کی گئی پانچ تجاویز کو مکمل طور پر منظور کیا گیا اور تمام فیصلے قومی مفاد کے مطابق رہے۔
