وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی سابق ماؤ نواز اعلیٰ قائدین سے ملاقات
حیدرآباد۔27/فروری(سفیرنیوز/صدائے حسینی)وزیراعلیٰ تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے جمعہ کے روز سکریٹریٹ میں مرکزی دھارے میں شامل ہونے والے سابق ماؤ نواز اعلیٰ قائدین سے ملاقات کی ان کی درخواست پر منعقدہ اس اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ان سے طویل اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ تشدد کے ذریعے کسی بھی مسئلے کا مستقل حل ممکن نہیں اور عوامی امنگیں صرف جمہوری راستے سے ہی پوری کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہائیوں تک جنگلات میں زندگی گزارنے کے بعد جمہوری نظام پر اعتماد کرتے ہوئے واپس آنا قابلِ تحسین اقدام ہے حکومت کی جانب سے انہیں مکمل تحفظ اور بازآبادکاری کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پڑوسی ریاستوں میں نافذ بازآبادکاری پالیسیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہتھیار چھوڑ کر عام زندگی اختیار کرنے والوں کے لیے مزید بہتر پیکیج فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔اجلاس میں حکومتی مشیران ویم نریندر ریڈی اور کے کیشوراؤ، چیف سکریٹری کے راماکرشنا راؤ، ریاستی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس بی شیودھر ریڈی، انٹیلی جنس ایڈیشنل ڈی جی پی وجے کمار، اور ایس آئی بی (انٹیلی جنس) آئی جی پی بی سُمتی سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران شریک تھے۔ڈی جی پی بی شیودھر ریڈی نے وزیراعلیٰ کو ریاست میں ماؤ نوازوں کی بازآبادکاری کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں میں حکومت کی اپیل پر ریاست بھر میں 591 ماؤ نواز مرکزی دھارے میں شامل ہو کر عام شہریوں کی طرح زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کی مربوط کوششوں اور حکومت کی بہتر بازآبادکاری پالیسی کے نتیجے میں اعلیٰ قیادت میں بھی مثبت تبدیلی آئی ہے۔ملاقات کرنے والوں میں سابق ماؤ نواز سینٹرل کمیٹی اور پولٹ بیورو کے رکن تِپِری تروپتی المعروف دیو
جی،رمیش،سنجیو،چیتن،کمّا دادا (سینٹرل ملٹری کمیشن انچارج)،سابق سینٹرل کمیٹی اراکین ملا راجی ریڈی المعروف سنگرام، پلّوری پرساد راؤ المعروف شنکرنّا،چندرنّا،سومنّا، پوتھولا پدمّاوتی المعروف کلپنا،مینابائی،مینکّا،سجتا،سابق ریاستی کمیٹی رکن بڈے چوکا راؤ المعروف دامودر (تلنگانہ ریاستی کمیٹی سکریٹری) اور نونے نرسمہا ریڈی المعروف گنگنّا،راہول،سنّو شامل تھے۔انہوں نے مسلح جدوجہد ترک کر کے مرکزی دھارے میں شامل ہونے کا موقع فراہم کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
