
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ کوئی ملک خود کو دنیا کا قاضی یا پولیس قرار نہیں دے سکتا۔
تفصیلات کے مطابق وانگ یی نے پاکستانی ہم منصب اسحاق دار سے ملاقات کے دوران ونزوئلا کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے کہا کہ چین کبھی یہ قبول نہیں کرے گا کہ کوئی ملک عالمی سطح پر خود کو قاضی قرار دے۔ تمام ممالک کی حاکمیت اور سلامتی کا احترام بین الاقوامی قوانین کے مطابق کیا جانا چاہیے۔
چین نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی ملک کی یک طرفہ اور جارحانہ کارروائی کی حمایت نہیں کرے گا۔ بیجنگ بین الاقوامی امن و سلامتی کے اصولوں کی پابندی کو ترجیح دیتا ہے۔
بین الاقوامی امور کے ماہرین کے مطابق، امریکہ کی جانب سے وینزویلا پر حملہ اور وہاں کے صدر نیکلاس مادورو کی گرفتاری کی کوشش، عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریحا خلاف ورزی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی حملے کا اصل مقصد وینزویلا کے اہم تیل کے وسائل پر کنٹرول حاصل کرنا اور کراکس حکومت کو دباؤ میں لانا ہے تاکہ وہ سر جھکا دے۔
