
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران نے کینیڈا کی جانب سے سپاہ پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کے جواب میں رائل کینیڈین نیوی کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ کینیڈا کا فیصلہ بین الاقوامی قوانین اور مسلمہ اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، کیونکہ سپاہ پاسداران انقلاب ایران کی مسلح افواج کا باضابطہ اور آئینی حصہ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران نے 2019 کے قانون امریکا کی جانب سے آئی آر جی سی کو دہشت گرد قرار دینے کے خلاف جوابی اقدام کی شق 7 اور اصول تقابل کے تحت فیصلہ کیا ہے کہ جو بھی ملک امریکہ کے اس فیصلے کی پیروی یا حمایت کرے گا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
وزارت خارجہ کے مطابق اسی قانون کے دائرے میں رائل کینیڈین نیوی کو شامل کرتے ہوئے اسے باضابطہ طور پر دہشت گرد تنظیم قرار دیا جا رہا ہے۔
ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ تہران اپنے دفاعی اداروں کے خلاف کسی بھی غیر قانونی اور سیاسی فیصلے کو قبول نہیں کرے گا اور ایسے اقدامات کا مناسب جواب دیا جائے گا۔
