القسام نے شہید ابو عبیدہ کا اصل نام اور تصاویر جاری کر دیے

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، القسام بریگیڈز نے برسوں سے صیہونیوں کے لیے خوف کی علامت بنے رہنے والے ترجمان ابو عبیدہ کی شہادت کی تصدیق کے ساتھ نیا ترجمان مقرر کیا ہے۔

القسام بریگیڈز کے نئے مقرر کردہ ترجمان نے اپنے پہلے باضابطہ خطاب میں شہید ابو عبیدہ کی تصاویر جاری کیں اور ان کا اصل نام حذیفہ سمیر عبداللہ الکحلوت بتایا۔

ابو عبیدہ طویل عرصے سے فلسطینی مزاحمت کی ایک ایسی علامت بن چکے تھے جن کی آواز اور سرخ رومال دنیا بھر میں جدوجہدِ آزادی کی پہچان بن گیا تھا۔ وہ اپنے تمام بیانات اور پریس بریفنگز میں نقاب پہن کر جلوہ گر ہوتے تھے، جس کی وجہ سے انہیں مجاہد اور کمانڈرِ نقاب پوش کے نام سے یاد کیا جاتا تھا۔ صیہونی انٹیلی جنس ایجنسیاں برسوں تک ان کی اصل شناخت معلوم کرنے کی کوشش کرتی رہیں، تاہم وہ اپنی شہادت تک ایک معمہ بنے رہے۔

القسام کے نئے ترجمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ابو عبیدہ (حذیفہ الکحلوت) نے اپنی زندگی قدس کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں کے دفاع کے لیے وقف کر دی تھی۔ ان کی شہادت القسام کے حوصلوں کو پست نہیں کرے گی بلکہ مزاحمت کے اس سفر کو مزید مضبوط کر دے گی۔

یاد رہے کہ ابو عبیدہ کی شہادت کی خبر ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب غزہ میں صیہونی جارحیت کے خلاف مزاحمت اپنے عروج پر ہے۔

ان کی تصاویر کی اشاعت نے جہاں فلسطینیوں کے دلوں میں دکھ کی لہر دوڑا دی ہے، وہیں ان کی قربانی کو مزاحمتی بلاک کے لیے ایک عظیم تزویراتی و روحانی سرمائے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *