
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی مقاومتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے ابوعبیدہ سمیت اپنے کئی کمانڈروں کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، القسام کے نئے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ شہید یحیی السنوار کے بھائی محمد السنوار، رفح یونٹ کے سربراہ محمد شبانہ، حکم العیسی المعروف ابوعمر اور رائد سعد جیسے کمانڈرز بھی شہید ہوچکے ہیں۔
ترجمان نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے فلسطینی مقاومتی تنظیموں سے ہتھیار لینے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مقاومت کبھی غیر مسلح نہیں ہوگی۔ اگر غزہ میں امن چاہتے ہیں صہیونی حکومت سے ہتھیار لینا ہوگا جو نہتے اور مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف استعمال ہورہے ہیں۔
انہوں نے فلسطینی عوام اور غزہ کے باشندوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ مشکل حالات اور سرد موسم میں صبر کر رہے ہیں، آپ کے خیمے ٹوٹے اور گھر کھنڈر میں بدل گئے، لیکن آپ کی روح، ایمان اور ارادہ دشمنوں کی سوچ سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔ دشمن آپ کے زوال کا انتظار کررہے ہیں، مگر خدا کے حکم سے یہ کبھی ممکن نہیں ہوگا۔ آپ خود تاریخ کے عظیم باب کا آغاز ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے شہداء کے خون کو اپنے خاندانوں کے ساتھ ملا کر فخر محسوس کرتے ہیں۔ کمانڈرز اور ساتھی محاذوں پر قربانی دے رہے ہیں۔ ہم سب ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ ہم نے اپنی جانیں خدا کی رضا اور آخرت کے اجر کی امید میں قربان کی ہیں۔
