شام، قنیطرہ میں صہیونی فورسز کا چھاپہ، پانچ شامی نوجوان گرفتار

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قابض صہیونی افواج نے شام کے شہر قنیطرہ کے مضافاتی علاقوں میں کارروائی کے دوران پانچ شامی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔

یمنی خبررساں ادارے کے مطابق شامی نوجوان جنوبی قنیطرہ کے نواحی علاقے میں واقع قصبے ’’کودنہ‘‘ کے قریب زرعی زمینوں میں کام کر رہے تھے کہ اسرائیلی فورسز نے انہیں حراست میں لے لیا۔

شام کی سرکاری خبر ایجنسی سانا کے مطابق گرفتار کیے گئے تمام نوجوان صوبہ درعا کے رہائشی ہیں، جنہیں اسرائیلی فورسز نے تل الاحمر الغربی کے فوجی اڈے میں منتقل کردیا ہے، تاہم ان کے بارے میں مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔

گذشتہ ہفتے کے شروع میں بھی اسرائیلی قابض افواج نے قنیطرہ کے شمالی دیہی علاقے میں واقع گاؤں طرنجه پر حملہ کیا تھا اور جباثا الخشب کے مضافات تک پیش قدمی کی تھی، جو سرحدی علاقوں میں ان کی بار بار کی جانے والی کارروائیوں کا حصہ ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی شام میں قنیطرہ کے مضافاتی علاقوں، خصوصاً مقبوضہ جولان کے قریب زرعی زمینوں اور سرحدی پٹی میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے چھاپے اور گرفتاریاں برسوں سے جاری ہیں۔ ان کارروائیوں میں اکثر شامی نوجوانوں اور کسانوں کو مختلف بہانوں سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *