ایرانی اور سعودی وزرائے خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ، باہمی تعلقات اور علاقائی حالات پر تبادلہ خیال

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایران۔سعودی عرب تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بات چیت کی۔

گفتگو کے دوران عباس عراقچی نے جنوبی یمن کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے ملک کی وحدت اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی ضرورت پر تاکید کی اور طے شدہ روڈ میپ پر عملدرآمد کو ناگزیر قرار دیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری، بالخصوص جنگ بندی کے ضامن ممالک لبنانی عوام کے خلاف جارحیت اور جنگی جرائم کو روکنے کی اپنی ذمہ داری پوری کریں۔

دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے تحفظ کے لیے علاقائی ممالک کے درمیان مشاورت اور تعاون کو اہم قرار دیا اور اسرائیلی اقدامات پر جوابدہی کی ضرورت پر زور دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عباس عراقچی نے قطر اور یمن کے وزرائے خارجہ سے بھی علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطے کیے تھے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *