اسرائیلی بربریت کے خلاف عوامی مزاحمت جاری، فدائی حملے میں دو صہیونی آبادکار ہلاک

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مقبوضہ فلسطین میں ایک بار پھر صیہونی جارحیت کے جواب میں فدائی کارروائی کی گئی ہے۔ صیہونی طبی عملے نے تصدیق کی ہے کہ شہر بیت شان میں ایک آباد کار کو گاڑی تلے کچل دیا گیا جبکہ روڈ 71 کے قریب ایک خاتون کو چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا گیا۔

اسرائیلی پولیس کے مطابق، ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ حملہ بیت شان سے شروع ہوا اور عفولہ میں ختم ہوا جہاں قابض فوج نے فائرنگ کر کے فلسطینی حملہ آور کو زخمی کر دیا۔ اس کارروائی کے ردعمل میں اسرائیلی وزیرِ جنگ نے مغربی کنارے کے گاؤں قباطیہ کے خلاف فوجی آپریشن شروع کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ کارروائی صیہونی مظالم کے خلاف عوامی غصے کی عکاسی کرتی ہے۔ حماس نے خبردار کیا کہ صیہونیوں کی جارحانہ پالیسیاں کبھی انہیں تحفظ فراہم نہیں کر سکتیں۔ تحریک نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جرائم پر اپنی مجرمانہ خاموشی توڑے۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب گزشتہ روز ہی ایک صیہونی آباد کار نے سڑک کنارے نماز پڑھتے ہوئے فلسطینی شخص کو گاڑی تلے کچل دیا تھا۔ اکتوبر 2023 سے جاری غزہ جنگ کے بعد سے مغربی کنارے میں بھی تشدد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، جہاں اب تک 1102 فلسطینی شہید، 11000 سے زائد افراد زخمی اور 21000 فلسطینیوں کو قابض فوج نے اغوا (گرفتار) کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ جولائی 2024 میں عالمی عدالتِ انصاف نے مغربی کنارے پر اسرائیل کے قبضے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے تمام صیہونی بستیوں کو ختم کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم اسرائیل نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اپنی جارحیت جاری رکھی ہوئی ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *