
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روسی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف بدھ کے روز ماسکو میں اعلی سطحی مذاکرات کریں گے۔
بیان کے مطابق 17 دسمبر کو ماسکو میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ روس–ایران تعلقات سے متعلق مختلف امور پر مشاورت کریں گے۔
دونوں رہنما باہمی تعلقات پر اعتماد پر مبنی مسلسل تبادلۂ خیال کو آگے بڑھائیں گے، جو 2 اکتوبر 2025 کو جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے کے نفاذ کے بعد ایک نئے مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔
مذاکرات میں دوطرفہ ایجنڈے کے اہم امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا، بالخصوص اعلی سطح پر طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد پر توجہ دی جائے گی۔ ان میں 12 دسمبر 2025 کو اشک آباد میں صدر ولادیمیر پوٹن اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ملاقات، نیز یکم ستمبر 2025 کو تیانجن میں ہونے والی ملاقات شامل ہے۔
فروری 2026 میں ایران میں منعقد ہونے والے روس–ایران مستقل کمیشن برائے تجارتی و اقتصادی تعاون کے 19ویں اجلاس کی تیاریوں کے پیش نظر، دونوں وزرائے خارجہ دوطرفہ تجارت میں اضافے اور توانائی و نقل و حمل کے شعبوں میں بڑے مشترکہ منصوبوں کے عملی پہلوؤں پر خصوصی توجہ دیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فریقین بین الاقوامی اہم امور پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔ اس کے علاوہ مغربی ایشیا، جنوبی قفقاز، بحیرۂ کیسپیئن اور افغانستان کی تازہ صورت حال سمیت علاقائی پیش رفت پر بھی گفتگو کی جائے گی۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق روس اور ایران عالمی چیلنجز کے بارے میں مشترکہ نقطۂ نظر رکھتے ہیں اور بین الاقوامی قانون، کثیرالجہتی نظام، مساوی سلامتی اور آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد پر ایک منصفانہ عالمی نظام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں، ساتھ ہی بیرونی دباؤ اور بالادستی کی مخالفت کو اپنی اسٹریٹجک ترجیح قرار دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی منگل کے روز علاقائی اور بین الاقوامی مشاورت کے سلسلے میں ماسکو پہنچے، جہاں وہ اپنے روسی ہم منصب اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
