
بھینسہ (نرمل): تلنگانہ کے بھینسہ ٹاوث میں ایک 27 سالہ خاتون کو انتہائی بے رحمی کے ساتھ قتل کر دیا گیا۔ واردات سَن توشی ماتا مندر کے قریب واقع ایک ٹی پوائنٹ پر پیش آئی،
جہاں مقامی افراد نے چیخ و پکار سن کر پہنچنے پر خاتون کی نعش کو خون کے تالاب میں پڑی ہوئی حالت میں دیکھا جبکہ قاتل موقعِ واردات پر ہی موجود تھا۔
اطلاعات کے مطابق مقتولہ کا تعلق کُنسرہ گاؤں سے تھا۔ اس کی پہلے شادی ہوچکی تھی اور دو بچے بھی تھے، تاہم شوہر سے طلاق کے بعد وہ گھر والوں سے الگ رہ رہی تھی۔ اسی دوران اس کی دوستی بھینسہ کے امبیڈکر نگر کے رہنے والے ناگیش سے ہوئی اور دونوں نے ساتھ رہنا شروع کردیا۔
معاشی ضروریات کے پیش نظر خاتون مذکورہ ٹی پوائنٹ چلاتے ہوئے اپنا گزر بسر کر رہی تھی۔پیر کی صبح کسی بات پر جھگڑا ہونے کے بعد ناگیش نے خاتون پر حملہ کر کے قتل کردیا۔
عینی شاہدین کے مطابق قتل کے بعد بھی ملزم نعش کے ساتھ جائے واردات پر ہی بیٹھا رہا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور ناگیش کو گرفتار کرلیا۔ بھینسہ کے سی آئی گوپیناتھ نے بتایا کہ مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
