سی ایم ابراہیم کو عہدہ سے ہٹادیا گیا

[]




بنگلورو: سابق وزیراعظم اور جنتادل (سیکولر) کے بانی ایچ ڈی دیوے گوڑا نے آج پارٹی کے کرناٹک یونٹ کے صدر سی ایم ابراہیم کو ہٹادیا جنہوں نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد پر دیوے گوڑا کے خلاف علم بغاوت بلند کیا تھا اور ریاستی ورکنگ کمیٹی تحلیل کردی تھی۔

دیوے گوڑا نے اپنے لڑکے اور سابق چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی کو پارٹی کے ریاستی یونٹ کا عبوری صدر مقرر کیا ہے۔ دیوے گوڑا نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے دستور کے مطابق ابراہیم کو ہٹادیا گیا ہے۔ میں نے انہیں ہٹایا ہے اور نئے صدر ایچ ڈی کمارا سوامی کا تقرر کیا ہے۔

کمارا سوامی جو 2 مرتبہ کرناٹک کے چیف منسٹر رہ چکے ہیں‘ وہ پارٹی کے لیجسلیٹو یونٹ کے صدر بھی ہیں۔ سی ایم ابراہیم نے آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرنے پارٹی کے فیصلہ کے خلاف بغاوت کی تھی جس کے بعد دیوے گوڑا نے یہ حکم صادر کیا ہے۔

اس ضمن میں ابراہیم نے 16 اکتوبر کو جنتادل ایس کے ہم خیال افراد کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی تھی اور اعلان کیا تھا کہ ان کی زیرقیادت پارٹی ہی اصل پارٹی ہے۔ انہوں نے ایک کور کمیٹی تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا تھا جو پارٹی سربراہ کو یہ یادداشت پیش کرے گی کہ جنتادل ایس کو بی جے پی کے ساتھ نہیں جانا چاہئے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جے ڈی ایس کے تمام ریاستی یونٹس بشمول ٹاملناڈو‘ مہاراشٹرا اور کیرالا نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ باور کیا جاتا ہے کہ ان یونٹوں نے اس صورتِ حال کو سمجھ لیا ہے جس کی وجہ سے ہمیں بی جے پی کے ساتھ جانا پڑرہا ہے اور انہوں نے ہمارے اقدام کی تائید کی ہے۔

کیرالا میں بائیں بازو پارٹی کی حکومت نے اپنی رضامندی ظاہر کردی ہے۔ کیرالا کے چیف منسٹر پی وجین نے کرناٹک میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرنے سے مکمل اتفاق کیا ہے تاکہ پارٹی کو بچایا جاسکے۔

فی الحال یہ صورتِ حال ہے۔ گوڑا نے دعویٰ کیا کہ جنتادل ایس کے کئی مسلم قائدین نے بھی بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرنے پارٹی کے فیصلہ کی حمایت کی ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *