پریس کانفرنس LIVE: راہل گاندھی کا چیف الیکشن کمشنر پر شدید حملہ، ’ووٹ چوروں‘ کے تحفظ کا الزام

راہل گاندھی نے کہا کہ گزشتہ مرتبہ انہوں نے ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج میں ہونے والی گڑبڑیوں کے ثبوت پیش کیے تھے، جبکہ اس بار وہ ووٹر لسٹ سے ناموں کو حذف کیے جانے کے معاملات پر روشنی ڈال رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش پانڈے اُن عناصر کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں جو ووٹ چوری جیسے سنگین جرم میں ملوث ہیں۔

راہل گاندھی نے وضاحت کی کہ کافی عرصہ سے یہ شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ ووٹروں کے نام جان بوجھ کر لسٹ سے کاٹے جا رہے ہیں اور یہ عمل خاص طور پر حزبِ اختلاف سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بنا رہا ہے۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ کرناٹک کے آلند اسمبلی حلقہ میں ایک بی ایل او (بوُتھ لیول آفیسر) کے رشتہ دار کا نام ووٹر لسٹ سے حذف کر دیا گیا۔ جب اس معاملے کی تحقیقات کی گئیں تو یہ انکشاف ہوا کہ آلند میں بڑے پیمانے پر ووٹروں کے نام منظم طریقے سے کاٹے گئے ہیں۔ اگرچہ ابھی تک مجموعی تعداد سامنے نہیں آئی لیکن 6 ہزار سے زائد ناموں کے حذف ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

راہل گاندھی کے مطابق یہ عمل صرف تکنیکی غلطی نہیں بلکہ ایک منصوبہ بند کارروائی ہے جس کا مقصد جمہوری ڈھانچے کو کمزور کرنا اور عوام کے حقِ رائے دہی کو سلب کرنا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *