[]
کانکیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ چھتیس گڑھ کے ترقیاتی ماڈل کا تذکرہ پورے ملک میں ہو رہا ہے اور اگر دوبارہ ریاست میں کانگریس حکومت آئی تو 10 لاکھ غریبوں کو رہائش گاہ ملے گی۔
’’چھتیس گڑھ میں دوبارہ کانگریس حکومت بنی تو بہار کی طرح ذات پر مبنی مردم شماری کرائی جائے گی۔ ساتھ ہی چھتیس گڑھ میں 10 لاکھ رہائش غریبوں کو دی جائیں گی۔‘‘ یہ وعدہ آج کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے چھتیس گڑھ کے کانکیر میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے اس دوران چھتیس گڑھ کی کانگریس حکومت کی تعریف بھی کی اور کہا کہ آج اس ریاست کے ترقیاتی ماڈل کا تذکرہ پورے ملک میں ہو رہا ہے۔
تقریب میں موجود زبردست بھیڑ کو خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ پنچایتوں میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن کاگنریس حکومت نے دیا تھا۔ کانگریس نے پنچایتی راج نافذ کر کے عوام کے ہاتھ میں اقتدار سونپا تھا۔ چھتیس گڑھ کی کانگریس حکومت نے پنچایتوں کو مزید مضبوط بنا کر ترقی کا بہترین ماڈل پیش کیا ہے۔ بی جے پی حکمراں ریاستوں میں پنچایتوں کے مالیاتی حقوق کم کیے جا رہے ہیں۔ لیکن چھتیس گڑھ کی کانگریس حکومت نے قانون پاس کر کے پنچایتی نمائندوں کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ آج مقامی بلدیوں کے لیے ترقیاتی کاموں کا بھومی پوجن اور اجرا کیا گیا ہے۔
اس دوران پرینکا گاندھی نے چھتیس گڑھ کی کانگریس حکومت کے کاموں کی بھرپور تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس حکومت میں چھتیس گڑھ تیزی کے ساتھ ترقی کر رہا ہے۔ بستر میں ایشیا کا سب سے بڑا ملیٹ پروسیسنگ پلانٹ ہے۔ کودو، کٹکی، راگی، جوار کی زراعت کسانوں کی آمدنی بڑھا رہی ہے۔ بستر سیاحتی علاقہ بن چکا ہے، اس سے روزگار مل رہا ہے۔ چھتیس گڑھ میں 60 سے زیادہ جنگلاتی پیداوار کی آج ایم ایس پی پر خریداری ہو رہی ہے۔ 40 لاکھ لوگوں کو غریبی سے باہر نکالا گیا۔ چھتیس گڑھ حکومت نے آنگن باڑی کارکنان کے لیے رقم میں اضافہ کیا۔ میتانن بہنوں کو ماہانہ 2200 روپے اضافی مل رہے ہیں۔ دائی دیدی کلینک شروع ہوئے ہیں۔ سوامی آتمانند اسکول میں خواتین کو 50 فیصد ریزرویشن ملا۔ سرکاری کالجوں میں لڑکیوں کو گریجویشن تعلیم مفت مل رہی ہے۔ بی پی ایل فیملی کو 5 لاکھ روپے تک مفت علاج ہو رہا ہے۔ گئوٹھان یوجنا سے آوارہ مویشیوں کا مسئلہ ختم ہو گیا۔ کسانوں کے قرض معاف ہوئے۔ جنرک دوائیوں پر 50 سے 75 فیصد تک چھوٹ مل رہی ہے۔
پرینکا گاندھی نے چھتیس گڑھ کی گزشتہ بی جے پی حکومت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت میں تشدد، خوف اور استحصال کا ماحول تھا۔ بستر آنے سے لوگ ڈرتے تھے۔ بے قصور قبائلیوں کو جیل میں ڈال دیا جاتا تھا۔ پھر جب کانگریس حکومت آئی تو بہت محنت کے بعد چھتیس گڑھ کو خراب ماحول سے نکالا گیا۔ کانگریس حکومت نے دیہی معیشت، کسان، غریب، پسماندہ، دلتوں، قبائلیوں کو مضبوط کرنے کا کام کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;