[]
بغداد:عراق کی کمشنری ذی قار میں مقیم دنیا کی معمر ترین مانی جانے والی خاتون 138 برس کی عمر میں چل بسی۔ متوفیہ کا نام ’مدلولہ منھل محمد ‘ تھا۔ امارات الیوم اخبار کے مطابق عراقی خاتون مدلولہ یکم جولائی 1885 میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے زندگی کے بہت سے نشیب وفراز دیکھے۔
پہلی اوردوسری عالمی جنگ کے علاوہ عراق میں ہونے والے انقلاب اور تبدیلیوں کی عینی شاہد بھی تھیں۔ ’مدلولہ‘ کو عراق میں صرف طویل العمری کے طورپرہی نہیں جانا جاتا تھا بلکہ انکا شمار تاریخ کی اہم ترین شاہدین اور دانا خواتین میں کیا جاتا تھا۔
لوگوں کا کہنا تھا کہ بزرگ خاتون عملی تجربے کی بنا پر حکیمانہ باتیں کیا کرتی تھیں انہوں نے بہت سے ادوار دیکھے اورعہد رفتہ کی بہت سے یادوں کی امین تھیں۔ اخبار کا کہنا ہے کہ تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ ’مدلولہ ‘ کا شمار دنیا کی معمرترین خواتین میں ہوتا تھا یا نہیں ۔