[]
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جدہ اسلامی فقہ اسمبلی کے سکریٹری جنرل مصطفیٰ سانو نے 37ویں بین الاقوامی اسلامی اتحاد کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران پیغمبر اکرم (ص) کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم خطے کی موجودہ تقدیر ساز صورت حال میں سیاسی، اقتصادی تبدیلیوں کا مشاہدہ کر رہے ہیں، آج امت اسلامیہ کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر اس سربراہی اجلاس کا انعقاد بہت اہم اور ضروری ہے۔
انہوں نے خدا کے فرمان «ان هذه امتکم امة واحدة و أنا ربکم فاعبدون» کا ذکر کرتے ہوئے کہ ہم امت واحدہ ہیں، کہا کہ آج ہمارے اندر ہمہ جہت اتحاد کا جلوہ نظر آنا چاہیے اور دنیا کے تمام ممالک میں اتحاد کو فروغ ملنا چاہیے کیونکہ آج ہمیں ایسے اتحاد کی بہت ضرورت ہے۔
مصطفی سانو نے کہا کہ پیغمبر اکرم (ص) کی سفارشات میں سے ایک یہ ہے کہ ہم اتحاد کو پورے اسلامی معاشرے میں عملی شکل دیں، ہمیں خوشیوں میں ایک گھر کے افراد کی طرح مل جل کر رہنے اور ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی سے پیش آتے ہوئے پیغمبر اکرم (ص) کے ارشادات کے مطابق اسلامی معاشروں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کے لئے جد وجہد کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اتحاد کے ذریعے مختلف معاشروں اور ممالک کی متنوع ثقافت کے عناصر میں توازن پیدا کر کے ہم اختلافات سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے دین مبین اسلام کے بلند مقاصد کی طرف بڑھنے اور عملی اتحاد کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔
کیونکہ فکری، اقتصادی، ثقافتی اور حتیٰ کہ سیاسی اتحاد کے ذریعے ہم ایک ہمہ جہت اتحاد کے بارے میں غور و فکر کرتے ہوئے اسلام کے حقیقی نعرے یعنی “امت واحدہ” کو عملی جامہ پہنانے کے لئے جد و جہد کر سکیں اور اسی طرح دنیا بھر کی مظلوم اقوام کی حمایت کر سکیں۔